پاک بحریہ کے سربراہ کا پی اے ایف ایئر وار کالج انسٹی ٹیوٹ کراچی کا دورہ

39

راولپنڈی۔30جون (اے پی پی):پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل نوید اشرف نے تزویراتی مقاصد کے حصول میں بین الخدمات تعاون کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے پاکستان ایئر فورس کے ساتھ مزید متواتر اور مربوط مشترکہ آپریشنل مشقوں کے آغاز کا اعلان کیاہے۔پیر کوآئی ایس پی آرسے جاری بیان کے مطابق پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل نوید اشرف نے پی اے ایف ایئر وار کالج انسٹی ٹیوٹ کراچی کا دورہ کیا۔

ان کی آمد پر ایئر وار کالج انسٹی ٹیوٹ کے صدر ایئر وائس مارشل راشد حبیب نے ان کا استقبال کیا۔ مہمان خصوصی نے انسٹی ٹیوٹ میں دی جانے والی تعلیمی اور پیشہ ورانہ مہارت کی تعریف کی اور مستقبل کی عسکری قیادت کو تیار کرنے میں اس کے اہم کردار کو تسلیم کیا جو جدید جنگ کے کثیر جہتی چیلنجوں کا مقابلہ کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔ایئر وار کورس کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے چیف آف دی نیول سٹاف ایڈمرل نوید اشرف نے اس بات پر زور دیا کہ آپریشنل تیاری جدید جنگ میں فتح کی بنیاد ہے۔

انہوں نے مشرقی محاذ کے ساتھ حالیہ پیش رفتوں کا حوالہ دیا جو مسلسل تیاری اور سٹریٹجک دور اندیشی کی اہم ضرورت کی واضح مثال ہے۔ انہوں نے ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو کی قیادت کو سراہتے ہوئے پی اے ایف کو جدید بنانے اور جدید ٹیکنالوجیز کو تیزی سے مربوط کرنے میں ان کے کردار کو تسلیم کیا جس نے پاک فضائیہ کی آپریشنل تیاریوں میں نمایاں اضافہ کیا ہے اور خطے کے ڈیٹرنس منظرنامہ کو دوبارہ ترتیب دیا ہے۔ پاک بحریہ کے سربراہ نے اس بات کا اعادہ کیا کہ پاک بحریہ کی تمام آپریشنل شعبوں زمینی اور فضائی سطح پر جنگی صلاحیتوں میں خاطر خواہ اضافہ ہوا ہے جس سےطاقتور میری ٹائم فورس کو فعال کیا جا سکتا ہے۔ مربوط قومی دفاع کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے انہوں نے تزویراتی مقاصد کے حصول میں بین الخدمات تعاون کی اہمیت پر زور دیا۔

اس سلسلے میں انہوں نے پاکستان ایئر فورس کے ساتھ مزید متواتر اور مربوط مشترکہ آپریشنل مشقوں کے آغاز کا اعلان کیا جس کا مقصد دونوں سروسز کے درمیان ہم آہنگی اور باہمی تعاون کو مزید تقویت دینا ہے۔ نیول چیف نے عصری تنازعات میں تکنیکی جدت کے تبدیلی کے کردار پر بھی روشنی ڈالی۔ بغیر پائلٹ کے فضائی نظام کی بڑھتی ہوئی اہمیت کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے نیشنل ایرو سپیس سائنس اینڈ ٹیکنالوجی پارک اور پاکستان میری ٹائم سائنس اینڈ ٹیکنالوجی پارک کے درمیان سٹریٹجک تعاون پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ یہ شراکت داری بغیر پائلٹ کے نظام میں مقامی صلاحیتوں کو آگے بڑھانے پر توجہ مرکوز کرے گی،

اس طرح دفاعی شعبے میں پاکستان کی تکنیکی خود انحصاری اور آپریشنل برتری کو تقویت ملے گی۔ پی اے ایف ائیر وار کالج انسٹی ٹیوٹ پاکستان ائیر فورس کا ایک باوقار ادارہ ہے جہاں پاکستان کی مسلح افواج اور دوست ممالک کے افسران کو کمانڈ اینڈ سٹاف کی اہم تقرریوں کے لیے تیار کیا جاتا ہے۔ کورس کے شرکا کو سول اور ملٹری پروفیشنلز، ڈپلومیٹس، سکالرز،وکلاء، صنعت کار وں ، سائنسدانوں ، ماہرین اقتصادیات اور میڈیا نمائندگان نے آگاہی دی ۔