ملتان۔ 15 ستمبر (اے پی پی):پاکستان اور جنوبی افریقہ ویمنز کرکٹ ٹیمون کے مابین تین میچوں پر مشتمل بینک الفلاح انٹرنیشنل ٹی ٹوئنٹی سیریز کا پہلا میچ کل پیر کو ملتان کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔پاکستانی وقت کے مطابق میچ شام سات بجے شروع ہوگا۔سیریز کا دوسرا اور تیسرا میچ 18اور 20 ستمبر کو کھیلا جائے گا،سیریز کا پہلا اور دوسرا میچ شام سات بجے شروع ہوگا جبکہ تیسرے میچ کا آغاز صبح دس بجے ہوگا۔
پاکستانی ویمن کرکٹ ٹیم فاطمہ ثنا کی قیادت میں جبکہ جنوبی افریقہ کی ٹیم کپتان لورا وولوارٹ کی قیادت میں ایک دوسرے کے مد مقابل ہوں گی۔ شائقین کا داخلہ مفت ہوگا،تماشائیوں کو اسٹیڈیم کے اندر جانے کے لیے اپنا اصل شناختی کارڈ ساتھ لانا ہوگا۔پاکستان میں شائقین اے اسپورٹس پر ہائی ڈیفینیشن میں سیریز کے میچز لائیو دیکھ سکیں گے۔
پاکستان بھر کے ناظرین کے لیے لائیو اسٹریمنگ پی سی بی کے آفیشل یوٹیوب چینل پر بھی دستیاب ہوگی۔یہ پہلا موقع ہوگا کہ خوبصورت ملتان کرکٹ اسٹیڈیم ٹی ٹوئنٹی سیریز اور خواتین کی بین الاقوامی سیریز کی میزبانی کرے گا،اس سے قبل ملتان کرکٹ اسٹیڈیم گیارہ ون ڈے انٹرنیشنل اور چھ ٹیسٹ میچز کی میزبانی کر چکا ہے۔
پاکستانی ویمن کرکٹ ٹیم کی کپتان فاطمہ ثناء نے پی سی بی ڈیجیٹل سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ جنوبی افریقہ کے خلاف یہ سیریز آئندہ ماہ آئی سی سی ویمنز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ سے پہلے خود کو اچھی طرح سے تیار کرنے کا بہترین موقع ہے،جنوبی افریقہ ایک مضبوط ٹیم ہے،ان کے خلاف کھیلنا ہمیں دباؤ کے حالات میں اپنے کھیل کا اندازہ لگانے میں مدد دے گا۔
انہوں نے کہا کہ ٹی 20 سیریز کیلئے ٹیم کی تمام پلیئرز نےٹریننگ سیشن میں سخت محنت کی ہے،ہم خوبصورت ملتان کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلنے کے لیے پرجوش ہیں،خاص طور پر جب یہ اسٹیڈیم اپنی پہلی بین الاقوامی خواتین ٹی ٹوئنٹی سیریز کی میزبانی کر رہا ہے۔انہوں نےمزید کہا کہ پاکستانی شائقین کی حمایت ہمیشہ ہی ناقابل یقین ہوتی ہے اور ملتان کرکٹ اسٹیڈیم میں مفت انٹری کے ساتھ یہ لوگوں کے لیے دونوں ٹیموں کی حوصلہ افزائی کرنے کا اچھا موقع ہے۔
پاک افریقہ ویمنز کرکٹ ٹی 20 سیریز دونوں ٹیموں کو آئندہ ماہ یو اے ای میں ہونے والے آئی سی سی ویمنز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کی تیار ی کیلئے مدد گار ثابت ہوگی۔جنوبی افریقہ کی ویمنز کرکٹ ٹیم دوسری مرتبہ پاکستان کے دورہ پر ہے،اپنے گزشتہ دورے کے دوران جنوبی افریقہ ویمن ٹیم نے پاکستان کے خلاف وائٹ بال سیریز میں تین ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل اور تین ون ڈے انٹرنیشنل کھیلے تھے
،پاکستان نے کراچی میں ہونے والی تین ٹی ٹوئنٹی میچوں پر مشتمل سیریز میں جنوبی افریقہ کو وائٹ واش کیا تھا۔سیریز کے بعد آئی سی سی ویمنز ٹی 20 ورلڈ کپ 2024ء میں شرکت کیلئے جنوبی افریقہ کی ٹیم 21 ستمبر کو اور پاکستان ٹیم 23 ستمبر کو یو اے ای روانہ ہوگی۔
پاکستان آئی سی سی ویمنز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2024ء کے گروپ اے میں آسٹریلیا، بھارت، نیوزی لینڈ اور سری لنکا کے ساتھ ہے جبکہ جنوبی افریقہ کو گروپ بی میں بنگلہ دیش، انگلینڈ،اسکاٹ لینڈ اور ویسٹ انڈیز کے ساتھ رکھا گیا ہے۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=503318