پاک فضائیہ کے اسکولوں اور کالجوں کے طلباء کی متاثرینِ سیلاب کے لئے امداد

272

اسلام آباد۔11اکتوبر (اے پی پی):جہاں حالیہ مون سون بارشیں اور قومی سطح پر سیلاب کی ابھرتی ہوئی صورتحال انسانیت کو بچانے کے لیے بڑے پیمانے پر کوششوں اور تعاون کی متقاضی ہے، وہیں پاک فضائیہ کے اہلکاروں کے شانہ بشانہ پاک فضائیہ کے اسکولوں اور کالجوں کے طلباء نے بھی سیلاب سے متاثرہ علاقوں کے پریشان حال بچوں میں خوشیاں بانٹنے کے لیے اپنی مدد آپ کے تحت جاری امدادی کاروائیوں میں حصہ لیا۔

ترجمان پاک فضائیہ کے مطابق پاک فضائیہ کے طلباء نے آزمائش کی اس گھڑی میں اپنی بہنوں اور بھائیوں کے لیے چاکلیٹ، مٹھائیاں اور سٹیشنری کا سامان خریدا اور اس مقصد کے لیے انفرادی طور پر عطیات اکٹھے کئے ۔ سیلاب سے متاثرہ علاقوں کے بچوں میں اشیاء خوردونوش پر مشتمل 17000 سے زائد پیکٹ تقسیم کئے گئے جن سے متاثرہ بچوں کے چہروں پر کھوئی ہوئی مسکراہٹیں واپس آگئیں۔

پاک فضائیہ کی جانب سے یہ کوششیں اس بات کی عکاس ہیں کہ پاک فضائیہ نے قوم کی پکار پر ہمیشہ لبیک کہا اور یہ کہ پاک فضائیہ قدرتی آفات اور حادثات سے متاثرہ افراد کی تکالیف کو کم کرنے اور امدادی سرگرمیوں کے انعقاد میں ہمیشہ پیش پیش رہی ہے۔