پاک فوج کی اربن سرچ اور ریسکیو ٹیم، ترکیہ عوام کے دل جیت کر وطن واپسی کے سفر پر گامزن ہے

230
پاک فوج کی اربن سرچ اور ریسکیو ٹیم، ترکیہ عوام کے دل جیت کر وطن واپسی کے سفر پر گامزن ہے

اسلام آباد۔23فروری (اے پی پی):پاک فوج کی اربن سرچ اور ریسکیو ٹیم، ترکیہ عوام کے دل جیت کر وطن واپسی کے سفر پر گامزن ہے۔ پاک فوج کی ریسکیو ٹیم کاترکیہ کے زلزلہ متاثرین کیلئے سب سے پہلے پہنچنے اور سب سے آخرمیں وہاں سے نکلنے پر بین الاقوامی اور ترکیہ میڈیا معترف ہے۔

پاک فوج کی ریسکیو ٹیم کامیاب ریسکیو آپریشنز کے بعد کل علی الصبح وطن واپس لوٹے گی۔ پاک فوج کا 35 افراد پر مشتمل دستہ،ترکیہ زلزلہ کے فوری بعد سب سے پہلے ترکیہ پہنچا۔ پاک فوج کی ریسکیو ٹیموں نے مجموعی طور پر 91 سائٹس کو سرچ کیا جبکہ 39 مقامات پر ریسکیو آپریشن میں اپنی پیشہ وارانہ صلاحیتوں کے جوہر دکھائے۔ شب و روز کاوشوں سے 8 افراد کو زندہ بچا لیا گیا جن میں چھوٹے بچے بھی شامل تھے ۔

اس کے علاوہ 5 دیگر زندہ افراد کی نشاندہی پر دوسری ریسکیو ٹیموں کی امداد سے ان افراد کو بھی بحفاظت زندہ نکال لیا گیا۔ پاک فوج کی ریسکیو ٹیم نے 138 افراد جو ملبے تلے جاں بحق افراد کو بھی ریکور کرکے ترکیہ انتظامیہ کے حوالے کیا۔ ریسکیو ٹیم نے 2 ساٸٹس کو خیمہ بستی کیلئے مکمل کلیئر کیا۔ پاک فوج کی اربن اور ریسکیو ٹیم کو بین الاقوامی اور ترکیہ کے مقامی چینلز نے بھی پذیرائی دی۔پاک فوج کی ریسکیو ٹیم کا آپریشن مسلسل کئی روز تک جاری رہا ۔ترکیہ عوام کے دل جیت کر پاک فوج نے وطن عزیز کے نام کو سرخرو کیا۔