پاک فوج کے سربراہ جنرل سید عاصم منیر کی زیر صدارت 82ویں فارمیشن کمانڈرز کانفرنس کا انعقاد،پاکستان ، فلسطین کے مسئلے پر دو ریاستی حل، اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق مسئلہ کشمیر کے دائمی حل کی حمایت کرتا ہے ،عسکری قیادت

124
General Syed Asim Munir
General Syed Asim Munir

راولپنڈی ۔23نومبر (اے پی پی):ملک کی عسکری قیادت نے فلسطین اور کشمیریوں کی سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھنے کا اعادہ کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ پاکستان ، فلسطین کے مسئلے پر دو ریاستی حل، اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق مسئلہ کشمیر کے دائمی حل کی حمایت کرتا ہے ، پاکستان کو غیر مستحکم کرنے کے لیے دشمن قوتوں کے اشارے پر کام کرنے والے تمام دہشت گردوں،ان کے سہولت کاروں اور ان کی حوصلہ افزائی کرنے والے عناصر کے خلاف ریاست مکمل طاقت کے ساتھ نمٹے گی۔

آئی ایس پی آر کے مطابق پاک فوج کے سربراہ جنرل سید عاصم منیر کی زیر صدارت 82ویں فارمیشن کمانڈرز کانفرنس جمعرات کو جی ایچ کیو راولپنڈی میں منعقد ہوئی ۔ فورم نے مسلح افواج کے افسران اور جوانوں، قانون نافذ کرنے والے اداروں اور پاکستانی شہریوں سمیت شہداء کی عظیم قربانیوں کو زبردست خراج تحسین پیش کیا ۔ فورم نے اعادہ کیا کہ پاکستان کو غیر مستحکم کرنے کے لیے دشمن قوتوں کے اشارے پر کام کرنے والے تمام دہشت گردوں،ان کے سہولت کاروں اور ان کی حوصلہ افزائی کرنے والے عناصر کے خلاف ریاست مکمل طاقت کے ساتھ نمٹے گی۔

شرکاء کانفرنس نے بھارت کے غیر قانونی طور پر مقبوضہ جموں و کشمیر میں کشمیریوں پر جاری جبر و استبداد پر تشویش کا اظہار اور بھارتی فورسز کی طرف سے انسانی حقوق کی مسلسل خلاف ورزیوں کی مذمت کی ۔ فورم نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کا دائمی حل صرف اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق کشمیریوں کو حقِ خود ارادیت دینے میں ہے ، پاکستان کشمیریوں کی سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھے گا۔فورم نے مسئلہ فلسطین پر پاکستان کے اصولی موقف کا اعادہ کیا کہ”پاکستان فلسطین کے مسئلے پر دو ریاستی حل، جس کی بنیاد 1967 سے قبل کی سرحدوں پر ہے اورجس کا دارالحکومت القدس شریف ہے کی مکمل حمایت کرتا ہے“۔

فورم نے کہا کہ پاکستان فلسطینی عوام کی مکمل سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت کرتا ہے۔ فورم نے کہا کہ درپیش چیلنجز کے باوجود گزشتہ کچھ مہینوں میں پاکستان میں اضطراب اور غیر یقینی صورتحال میں کمی ، جبکہ امید، اعتماد اور استحکام میں اضافہ نظر آیا ہے ۔فورم نے اِس بات کا اعادہ کیا کہ ذاتی مقاصد کے حصول کی خاطر مایوسی پیدا کرنے والے مخصوص عناصر کی کوششوں کو ثابت قدمی اور جاری شدہ مثبت اقدامات کے تسلسل کے ذریعے پاکستانی عوام کی مکمل حمایت کے ساتھ شکست دی جائے گی۔

شرکاء کانفرنس نے کہا کہ پاک فوج پائیدار استحکام اور سلامتی کے سفر میں قوم کا دفاع اور خدمت جاری رکھے گی، غیور پاکستانی عوام پرعزم اور متحد رہیں۔ فورم نے کہا کہ معیشت کی پائیدار بحالی، اسمگلنگ، ذخیرہ اندوزی، بجلی چوری، وَن ڈاکومنٹ رجیم کا نفاذ، غیر قانونی غیر ملکیوں کی باوقار وطن واپسی اور قومی ڈیٹا بیس کی حفاظت سمیت غیر قانونی سرگرمیوں کو روکنے کے لیے مختلف شعبوں میں حکومتی اقدامات کی مکمل حمایت کرتے ہیں ۔ آرمی چیف کا ابھرتے خطرات سے نمٹنے کے لیے فارمیشنز کی آپریشنل تیاریوں اور تربیت کے اعلیٰ معیار پر اعتمادکا اظہار کیا ۔