پاک ویسٹ انڈیز سیریز کے آخری میچ میں سکیورٹی کے فول پروف انتظامات مکمل

58

ملتان۔12جون (اے پی پی):ملتان میں جاری پاک ویسٹ انڈیز سیریز کے آخری میچ کیلئے ملتان پولیس نے سکیورٹی کے فول پروف انتظامات مکمل کر لئے گئے ۔

انسپکٹر جنرل آف پنجاب پولیس راؤ سردارعلی نے بتایا کہ کھلاڑیوں اور میچ آفیشلز کو وی وی آئی پی سکیورٹی فراہم کی جا رہی ہے۔انہوں نے کہاکہ پنجاب پولیس کے7ہزار سے زائد اہلکار و افسران کھلاڑیوں اور شائقین کرکٹ کی سکیورٹی کے فرائض سر انجام دیں گے۔ اس کے علاوہ شہر میں ٹریفک کی روانی اورشائقین کرکٹ کی رہنمائی کے لیے ٹریفک پولیس کے

1100 وارڈنز ڈیوٹی سرانجام دے رہے ہیں۔ پولیس اور ضلعی انتظامیہ کے تین کنٹرول رومز اور 350 سی سی ٹی وی کیمروں سے حساس مقامات کی مانیٹرنگ کی جا رہی ہیں۔ آئی جی پنجاب نے مزید کہاکہ ملتان پولیس شائقین کرکٹ کو سٹیڈیم تک پہنچنے میں ہر ممکن معاونت فراہم کر رہی ہے۔ اس کے علاوہ خواتین اور بچوں کی سہولت کے لیے شٹل سروس کا انتظام کیا گیا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ کرکٹ ٹیموں، میچ آفیشلز اور شائقین کرکٹ کی سکیورٹی کیلئے تمام دستیاب وسائل کو بروئے کار لایا جارہا ہے۔ آئی جی پنجاب نے کہاکہ شدید گرمی اور سخت موسم میں ڈیوٹی سر انجام دینے والے پولیس اور ٹریفک اہلکار کا جذبہ قابل ستائش ہے۔

انہوں نے ہدایت کہ ہوٹل ، سٹیڈیم اور روٹس کے گردو نواح میں ٹریفک کی بلا تعطل روانی کیلئے ٹریفک مینجمنٹ کے پلان پر سختی سے عمل درآمد یقینی بنایا جائے۔ آئی جی پنجاب نے کہا کہ شہریوں کے تعاون سے ہی کرکٹ سیریز کا پر امن انعقاد یقینی بنایا جا رہا ہے۔