23.8 C
Islamabad
ہفتہ, اپریل 19, 2025
ہومقومی خبریںپرواز فنانشل سروسز لمیٹڈ نے ملک کا پہلا پی کے آر (پاکستانی...

پرواز فنانشل سروسز لمیٹڈ نے ملک کا پہلا پی کے آر (پاکستانی روپیہ) گرین بانڈ جاری کر دیا

- Advertisement -

اسلام آباد۔21مارچ (اے پی پی):پاکستان کے پائیدار مالیاتی شعبے میں ایک تاریخی پیش رفت کے طور پر کارانداز پاکستان کے ذیلی ادارہ پرواز فنانشل سروسز لمیٹڈ (پی ایف ایس ایل) نے ملک کا پہلا پی کے آر (پاکستانی روپیہ) گرین بانڈ جاری کر دیا ہے۔ پرواز گرین ایکشن بانڈ کے تحت جاری ہونے والا یہ بانڈ پاکستان اسٹاک ایکسچینج (پی ایس ایکس) پر لسٹ ہونے والا پہلا گرین بانڈ بھی ہے۔

جس کا مقصد ماحول دوست منصوبوں کے لیے سرمایہ اکٹھا کرنا اور پاکستان میں گرین سرمایہ کاری کے نظام کو مستحکم کرنا ہے۔ واضح رہے کہ ایک ارب روپے کے اس بانڈ میں بینک الفلاح، بینک آف خیبر، الائیڈ بینک، پاک برونائی انویسٹمنٹ کمپنی لمیٹڈ، پاک چائنا انویسٹمنٹ کمپنی لمیٹڈ، پاک لیبیا ہولڈنگ کمپنی لمیٹڈ، پاک عمان انویسٹمنٹ کمپنی، سعودی پاک انڈسٹریل اینڈ ایگریکلچرل انویسٹمنٹ کمپنی لمیٹڈ اور الفلاح انشورنس جیسے نمایاں مالیاتی ادارے سرمایہ کاری کر رہے ہیں۔ اس اقدام سے پاکستان کے گرین فنانس کے شعبہ میں سرمایہ کاروں کے بھرپور اعتماد کا اظہار ہوتا ہے۔

- Advertisement -

گرین بانڈ کے اجرا کی جمعہ کو یہاں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر برائے خزانہ و محصولات،م سینیٹر محمد اورنگزیب نے کہا کہ پاکستان کی معیشت کے استحکام کے لئے ضروری ہے کہ ہم مالیاتی نظام میں پائیداری کو اپنائیں۔ انہوں نے کہا کہ گرین بانڈ کا اجرا اس بات کا ثبوت ہے کہ ہم ماحولیاتی سرمایہ کاری کے لیے ایک سازگار ماحول بنا رہے ہیں، یہ اقدام نہ صرف مالیاتی شعبے کی ترقی کی عکاسی کرتا ہے بلکہ بڑے پیمانے پر گرین سرمایہ کاری کو راغب کرنے میں بھی مدد دے گا۔ برطانیہ نے اس بانڈ کے اجرا میں کلیدی کردار ادا کیا ہے اور موبلسٹ (MOBILIST) پروگرام کے ذریعے تکنیکی معاونت فراہم کی گئی۔ برطانیہ کی حکومت نے اس بانڈ کے ڈھانچے کی تیاری میں ماہرین کی خدمات بھی فراہم کیں۔ برطانوی ہائی کمشنر جین میریاٹ نے اس حوالہ سے کہا ہے کہ یہ گرین بانڈ ایک شاندار مثال ہے کہ کس طرح مالیاتی جدت طرازی کے ذریعے نجی شعبے کی قیادت میں معیشت کی ترقی اور ماحولیاتی استحکام کو یقینی بنایا جا سکتا ہے۔

پاکستان کو 2030 تک 348 ارب ڈالر درکار ہوں گے تاکہ وہ موسمیاتی تبدیلیوں کے مطابق اپنے نظام کو ڈھال سکے۔ اس لئے ماحولیاتی مالیات کی ضرورت پہلے سے کہیں زیادہ اہم ہو چکی ہے۔ یہ بانڈ معیشت کے ساتھ ساتھ ماحول کے لیے بھی فائدہ مند ہے۔ کارانداز پاکستان عرصہ دراز سے گرین فنانس کو فروغ دینے میں مصروف عمل ہے۔ کارانداز پاکستان کے چیئرمین سید سلیم رضا نے اس موقع پر کہا کہ ہمارا ویژن ایک پائیدار اور مضبوط معیشت کا ہے۔ یہ بانڈ اس بات کا ثبوت ہے کہ پاکستان پائیدار ترقی کے منصوبوں میں سنجیدہ سرمایہ کاری حاصل کر سکتا ہے۔ یہ اقدام پاکستان میں ایک مضبوط گرین فنانس نظام کے قیام کی راہ ہموار کرے گا۔

کارانداز پاکستان کے سی ای او وقاص الحسن نے اس بانڈ کو پاکستان کے مالیاتی شعبے کے لیے ایک سنگ میل قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ بانڈ نہ صرف کارانداز اور پرواز فنانشل سروسز کے لئے بلکہ پاکستان کے مالیاتی نظام کے لیے ایک تاریخی لمحہ ہے۔ ہم سرمایہ کو ماحولیاتی ترقی سے ہم آہنگ کرنے کے لیے کام جاری رکھیں گے تاکہ سرمایہ کاری کے فیصلے پاکستان کے ترقیاتی اہداف کے مطابق کیے جا سکیں۔ واضح رہے کہ پرواز گرین ایکشن بانڈ AA- ریٹنگ کا حامل ایک محفوظ، درمیانی مدت کا مالیاتی بانڈ ہے جو قابل تجدید توانائی، ماحولیاتی زراعت اور ماحول دوست ٹرانسپورٹیشن جیسے شعبوں میں سرمایہ کاری کے لیے مختص کیا گیا ہے۔

یہ بانڈ انٹرنیشنل کیپیٹل مارکیٹ ایسوسی ایشن (آئی سی ایم اے) کے گرین بانڈ اصولوں اور سیکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان (ایس ایس سی پی) کے گرین بانڈ رہنما خطوط کے مطابق جاری کیا گیا ہے۔ اس بانڈ کا آزادانہ تجزیہ پاکستان انوائرنمنٹ ٹرسٹ (پی آی ٹی) نے کیا ہے جبکہ پرواز فنانشل سروسز کی گرین بانڈ کمیٹی کے ذریعے اس بات کو یقینی بنایا جائے گا کہ سرمایہ صرف ماحولیاتی معیار کے مطابق منصوبوں میں ہی لگایا جائے۔

کارانداز پاکستان ایک ایسا ادارہ ہے جو سرمایہ کاری، جدت طرازی اور اسٹریٹجک شراکت داری کے ذریعے مالی اور ڈیجیٹل نظام کو مضبوط بنا کر مشترکہ خوشحالی کے فروغ کے لیے کام کر رہا ہے۔ کارانداز پاکستان شمولیتی، ماحول دوست اور پائیدار ترقی کے اصولوں پر کاربند ہے اور اس کا مقصد مالی رسائی کو وسعت دینا، کاروبار کی معاونت کرنا اور ڈیجیٹل معیشت کو فروغ دینا ہے۔ یہ ایک ایسا پروگرام ہے جو سرمایہ کاری کے مواقع اور تکنیکی معاونت فراہم کرتا ہے تاکہ ترقی پذیر منڈیوں میں پائیدار ترقی اور موسمیاتی تبدیلی کے خلاف اقدامات کے لیے بڑے پیمانے پر سرمایہ کاری کو ممکن بنایا جا سکے۔

 

Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=575241

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں