پشاور۔ 18 مئی (اے پی پی):جنوبی وزیرستان اپرکی تحصیل سرویکئی کے پہاڑی سلسلے غورلمہ میں خوفناک جنگلاتی آگ لگ گئی جس کے نتیجے میں زیتون کے قیمتی درختوں سمیت دیگرجنگلی نباتات جل کر راکھ ہو گئے ہیں۔
ریسکیو 1122 کے ترجمان کے مطابق آگ تیزی سے پھیل رہی ہے اورمزید نقصان کا خدشہ ہے، ریسکیو حکام نے فوری ایک خصوصی ٹیم تشکیل دے دی ہے جو موقع پر پہنچ کر آگ بجھانے کی کوششوں میں مصروف ہے، ترجمان نے بتایا کہ ریسکیو 1122 اگ قابو کرنے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لا رہی ہے، عوامی حلقوں نے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے انکشاف کیا ہے کہ ضلع لوئراوراپرجنوبی وزیرستان میں بھی قیمتی جنگلات کو قبائلی دشمنیوں کے تحت جان بوجھ کر نذر آتش کیا جا رہا ہے اور درختوں کو زبردستی کاٹا جا رہا ہے، اس سلسلے میں محکمہ جنگلات اورضلعی انتظامیہ کی خاموشی پرشدید تنقید کی جا رہی ہے، عوام نے حکومت اورمتعلقہ اداروں سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ فوری طورپرکارروائی کرتے ہوئے ان عناصر کے خلاف سخت اقدامات کریں جو قدرتی وسائل کو نقصان پہنچا رہے ہیں اورماحولیات کیلئے خطرہ بنے ہوئے ہیں۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=598396