پشاور۔ 06 مئی (اے پی پی):جدید آئی ٹی اسکلز کے ذریعے نوجوانوں کو با روزگار بنانے کے لئے خیبر پختونخوا حکومت نے ایک اور اہم سنگ میل عبور کرلیا۔ وزیراعلی ہاوس پشاور حکام کی جانب سے جاری شدہ بیان کے مطابق صوبائی حکومت کے یوتھ ایمپلائمنٹ پروگرام کے تحت دو ہزار سے زائد نوجوانوں نے آئی ٹی کے شعبے میں جدید ٹریننگ مکمل کر لی۔ اس سلسلے میں وزیر اعلیٰ ہاؤس میں گریجویٹس کو اسناد دینے کی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔وزیر اعلی علی امین خان گنڈاپور کی تقریب میں بحیثیت مہمان خصوصی شرکت کی۔
تقریب میں صوبائی اراکین کابینہ، چیف سیکرٹری، محکمہ انفارمیشن ٹیکنالوجی کے حکام اور طلبہ نے شرکت کی۔واضح رہے کہ یوتھ ایمپلائیمنٹ پروگرام کے تحت نوجوانوں نے آرٹیفیشل اینٹیلجنس، گیم ڈیویلپمنٹ، کلاوڈ کمپیوٹنگ، اینیمیشن اور ویب ڈیویلپمنٹ میں بین الاقوامی معیار کی ٹریننگ مکمل کرلی۔اسی طرح صوبائی حکومت کے ڈیجیٹل انٹرنشپ پروگرام کے تحت 180 نوجوانوں نے بھی انٹرنشپ مکمل کرلی۔ تقریب میں ان نوجوانوں کو مختلف آئی ٹی کمپنیوں اور انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ میں آن بورڈ کیا گیا۔ اس سے قبل ڈیجیٹل انٹرنشپ پروگرام کے تحت دو ہزار سے زائد نوجوانوں کو نامور آئی ٹی کمپنیوں میں آن بورڈ کیا گیا ہے۔ ان نوجوانوں میں سے اب تک 67 فیصد نوجوان مخلتف کمپنیوں میں ملازمتیں حاصل کر چکے ہیں۔
وزیر اعلی نے ان گریجویٹس میں سرٹیفیکیٹس تقسیم کئے۔ تقریب سے وزیر اعلی علی امین گنڈاپور نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نوجوانوں کے لئے روزگا کے مواقع فراہم کرنا کسی بھی حکومت کی اہم ذمہ داری ہے، حکومت سب کو سرکاری ملازمین نہیں دے سکتی لیکن ان کے لئے نجی شعبے میں مواقع ضرور پیدا کر سکتی ہے۔انہوں نے کہا کہ آج کل انفارمیشن ٹیکنالوجی کا دور ہے اور اس شعبے میں روزگار کے بے شمار مواقع موجود ہیں، ہماری حکومت شروع دن سے نوجوانوں کو جدید ڈیجٹل اسکلز سکھانے کے لئے ٹھوس اقدامات اٹھا رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہم اپنے نوجوانوں کو جاب مارکیٹ ڈیمانڈ کے مطابق جدید ٹریننگ دے رہے ہیں، ڈیجیٹل اسکلز کے ذریعے نوجوان گھر بیٹھ کر دنیا کے کسی بھی ملک کے ساتھ آن لائن کام کر سکتے ہیں، ہم نوجوانوں پر سرمایہ کاری کر رہے تاکہ انہیں خود مختار اور حقیقی اثاثہ بنائیں ۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=593173