پشاور۔ 14 ستمبر (اے پی پی):خیبر پختونخوا کے گرم مرطوب اضلاع بشمول پشاور میں بھادوں کے آخری عشرے میں گرمی کی شدت میں مزید اضافہ ہوگیا ہے
24گھنٹوں کے دوران سب سے زیادہ گرمی ڈیرہ اسماعیل خان میں 41 سینٹی گریڈ، بنوں میں 40 اور پشاور میں 39 سینٹی گریڈ رہی، ہوا میں نمی کا تناسب 56 فیصد ریکارڈ کیا گیا جس کے باعث گرمی کی شدت پشاور میں 42 سینٹی گریڈ سے زیادہ محسوس کی گئی، گرمی کی شدت میں اضافے کے باعث شہریوں کو سخت مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق موسمی تبدیلیوں کے باعث صوبے کے میدانی علاقوں بشمول پشاور میں گرمی کی شدت جون اور جولائی کی گرمی کے برابر رہی جس کی وجہ سے شہریوں کو زیادہ گرمی محسوس ہو رہی ہے۔ جمعرات کو پشاور کا درجہ حرارت 30 سینٹی گریڈ ہے جوزیادہ سے زیادہ 37 سینٹی گریڈ تک بڑھنے کا امکان ہے۔پشاور میں ہوا میں نمی کا تناسب 76 فیصد جبکہ ہوا 14 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چل رہی ہے ۔ ڈی آئی خان اور بنوں میں درجہ حرارت 40 ڈگری سینٹی گریڈ تک بڑھنے کا امکان ہے۔