پشاور پولیس کی مختلف علاقوں میں جرائم پیشہ افراد کے خلاف کاروائیاں ،کئی رنگے ہاتھوں گرفتار

Accused arrested
Accused arrested

پشاور۔ 29 فروری (اے پی پی):پشاور پولیس کی مختلف علاقوں میں جرائم پیشہ افراد کے خلاف کاروائیاں جاری ہیں۔کیپٹل پولیس پشاورکے مطابق تھانہ شرقی پولیس نے لیڈیز پولیس کے ہمراہ کاروائی کے دوران ڈیفنس کالونی میں کام کاج کے بہانے گھر کا صفایا کرنے میں ملوث خاتون ملزمہ کو گرفتار کرلیا،جس کی نشاندھی پر اس کے قبضے سے قیمتی طلائی زیورات بیچنے کے عوض حاصل شدہ رقم 30 لاکھ روپے برآمد کرلیا ۔

اس طرح تھانہ خزانہ پولیس نے رام کشن کے علاقے سے اغواء ہونے والا 3 سالہ کمسن بچہ بحفاظت بازیاب کراتے ہوئے واقعے میں ملوث ملزم کو گرفتار کرلیا ، ملزم بچے کے والد سے موبائل فون کے زریعے 25 لاکھ روپے کا مطالبہ کررہا تھا۔ گرفتار ملزم نے ابتدائی تفتیش کے دوران قرض داروں سے تنگ آکر ان کو رقم ادائیگی کی خاطر بچہ اغوا کرنے کا اعتراف کرلیا۔

تھانہ غربی پولیس نے بی آرٹی سٹیشن اور مصروف ترین بازاروں میں شہریوں کو قیمتی موبائل فونز اور نقدی سے محروم کرنے میں ملوث نوسرباز کوگرفتار کرلیا جس کے قبضے سے نوسربازی اور چوری شدہ 11 عدد قیمتی موبائل فونز اور نقد رقم 45 ہزار روپے بھی برآمد کرلئے گئے ہیں۔گرفتار ملزمان کے خلاف مختلف متعلقہ تھانوں میں مقدمات درج کرکے مزید تفتیش شروع کردی گئی ہے۔