لاہور۔15جون (اے پی پی):پنجاب اسمبلی کا بجٹ اجلاس آج 16 جون کو شام 3 بجے ہوگا۔ گورنر پنجاب کی منظوری کے بعد اجلاس کا آغاز تلاوتِ قرآن پاک، نعتِ رسول مقبول اور قومی ترانے سے کیا جائے گا۔ اجلاس میں مالی سال 2025-26 کا سالانہ بجٹ پیش کیا جائے گا جبکہ مالی سال 2024-25 کا ضمنی بجٹ بھی اسمبلی میں رکھا جائے گا۔
ترجمان کے مطابق وزیر خزانہ پنجاب ایوان میں پنجاب فنانس بل 2025، سروسز پر سیلز ٹیکس ایکٹ 2012 میں ترامیم کا نوٹیفکیشن اور مالی سال 2025-26 تا 2027-28 کے مالیاتی خطرات کا بیان بھی پیش کریں گے۔ اجلاس میں مختلف مالیاتی دستاویزات پر بحث اور منظوری کے مراحل بھی شامل ہوں گے۔ بجٹ اجلاس کے موقع پر سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں اور ارکان اسمبلی کو وقت پر شرکت کی ہدایت کی گئی ہے۔