پنجاب ایمرجنسی سروسز ریسکیو 1122 راولپنڈی کی مون سون بارشوں کے پیش نظر شہریوں کو خصوصی احتیاط برتنے کی ہدایت

10
Rescue 1122
Rescue 1122

راولپنڈی۔28جون (اے پی پی):پنجاب ایمرجنسی سروسز ریسکیو 1122 راولپنڈی نے مون سون بارشوں کے پیش نظر شہریوں کو خصوصی احتیاط برتنے کی ہدایت کی ہے۔ ریسکیو 1122 کے مطابق شہریوں کو چاہیے کہ وہ بارش کے دوران حفاظتی ہدایات پر عمل کرتے ہوئے اپنی جان و مال کی حفاظت کو یقینی بنائیں۔ ریسکیو 1122 نے والدین سے اپیل کی ہے کہ وہ اپنے بچوں کو نالہ لئی، کھلے نالوں اور بجلی کے کھمبوں کے قریب جانے سے روکیں تاکہ کسی بھی ممکنہ حادثے سے بچا جا سکے۔ شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ بارش کے دوران ڈرائیونگ کرتے وقت رفتار کم رکھیں اور حد احتیاط کو ملحوظ خاطر رکھیں۔

خستہ حال یا کمزور چھتوں کے نیچے کھڑا ہونا یا بیٹھنا خطرناک ثابت ہو سکتا ہے اس لیے ایسے مقامات سے گریز کیا جائے۔ نالہ لئی کے اردگرد رہائش پذیر مکینوں کو الرٹ رہنے اور محکمہ موسمیات کی پیشگوئیوں سے باخبر رہنے کی ہدایت دی گئی ہے۔ ریسکیو 1122 کے ترجمان نے کہا کہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوری طور پر ریسکیو ہیلپ لائن 1122 پر رابطہ کیا جائے۔ ریسکیو 1122 راولپنڈی کے تمام افسران و اہلکار ہمہ وقت الرٹ ہیں اور مون سون سیزن کے دوران شہریوں کی خدمت کے لیے فیلڈ میں موجود رہیں گے۔