لاہور۔26دسمبر (اے پی پی):پنجاب حکومت کے ترجمان نے کہا ہے کہ پنجاب حکومت نے 2024کو خواتین کی ترقی، تحفظ اور انہیں بااختیار بنانے کے لیے تاریخی سال قرار دیتے ہوئے متعدد انقلابی اقدامات کئے ہیں، ان اقدامات کا مقصد خواتین کو محفوظ ماحول، تعلیم، صحت اور روزگار کے مواقع فراہم کرتے ہوئے انہیں معاشرتی، معاشی اور سیاسی طور پر مضبوط بنانا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت نے 2024میں خواتین کو محفوظ ماحول فراہم کرنے کے لیے صوبہ بھر میں نئی پناہ گاہیں قائم کیں اور موجودہ پناہ گاہوں کی حالت بہتر بنائی جبکہ قانونی اور نفسیاتی مدد میں خواتین کو قانونی مشورے اور نفسیاتی مسائل کے حل کے لیے ماہرین کی خدمات فراہم کی جا رہی ہیں،معاشی خودمختاری میں ہنر سکھانے کے تربیتی پروگرامز کے ذریعے خواتین کو مالی خود کفالت کی راہ پر گامزن کیا جا رہا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ حکومت نے خواتین کی تعلیم و تربیت کے لیے خصوصی سکالرشپس، انٹرن شپ پروگرامز اور دیگر تعلیمی منصوبے متعارف کروائے ہیں جبکہ دارالامان میں خواتین کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لئے مرد عملے کو ہٹانے، جدید مانیٹرنگ نظام نافذ کرنے اور خواتین کی تربیت کا آغاز کیا گیا ہے جبکہ سرکاری سکولوں کی بہتری کے لئے تعلیمی اداروں میں معیاری سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں تاکہ خواتین کو تعلیم کے بہتر مواقع مل سکیں، خواتین کے لئے پبلک ٹرانسپورٹ کے شعبے میں انقلابی اقدامات کئے گئے جس کے تحت ماحول دوست اور محفوظ الیکٹرک بسوں کا آغاز کیا گیا جبکہ حکومت کی جانب سے لاہور میں خواتین کی سفری ضروریات پوری کرنے کے لئے مزید بسیں متعارف کروانے کا منصوبہ زیر غور ہے جبکہ ماحولیاتی اقدامات میں دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں پر پابندی عائد کی گئی تاکہ خواتین اور بچوں کی صحت کو محفوظ رکھا جا سکے۔
ترجمان نے بتایا کہ پنجاب حکومت نے 2024میں صحت کے شعبے میں خواتین کو بہتر طبی سہولیات فراہم کرنے کے لئے متعدد منصوبے شروع کیے جن میں مفت طبی خدمات میں صحت کے کیمپس، زچگی کی سہولیات اور مفت علاج کے پروگرامز کا آغاز کیا گیا اور دیہی علاقوں تک رسائی کے لیے موبائل ہیلتھ یونٹس اور ٹیلی میڈیسن کے ذریعے دور دراز علاقوں میں خدمات فراہم کی جا رہی ہیں جبکہ خواتین کی ذہنی صحت کے مسائل کے حل کے لیے کونسلنگ سیشنز منعقد کئے جا رہے ہیں، پنجاب حکومت نے خواتین کی سیاست میں شمولیت کے لیے تربیتی پروگرامز اور قوانین متعارف کرائے جس میں ’’جینڈر مین سٹریمنگ پروگرام‘‘کے تحت خواتین کو سیاسی اور سماجی معاملات میں حصہ لینے کے لیے تربیت فراہم کی جا رہی ہے،قانون سازی میں پنجاب فیئر ریپریزنٹیشن آف ویمن ایکٹ کے تحت سرکاری اداروں میں خواتین کی نمائندگی یقینی بنائی گئی ہے جبکہ الیکشن کمیشن نےووٹر آگاہی مہمات میں3 ہزار سے زائد آگاہی سیشنز کا انعقاد کیا تاکہ خواتین اپنی سیاسی اہمیت کو سمجھ سکیں۔
انہوں نے بتایا کہ پنجاب حکومت نے خواتین کے تحفظ کے لئے سخت قوانین نافذ کئے ہیں جن میں کم عمری کی شادی اور کام کی جگہ پر ہراسانی کے خلاف قوانین شامل ہیں ،یہ تمام اقدامات پنجاب حکومت کی خواتین کو بااختیار بنانے کی پالیسی کا حصہ ہیں، حکومت کا عزم ہے کہ خواتین کے لیے مزید سہولیات اور منصوبے متعارف کرائے جائیں تاکہ وہ ہر شعبے میں نمایاں کردار ادا کر سکیں۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت خواتین کی ترقی میں رہنما کردار ادا کرنے کے لیے پرعزم ہے
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=539678