لاہور۔30ستمبر (اے پی پی):سرکاری یونیورسٹیوں میں قائم ویمن ڈویلپمنٹ سنٹرز کے تحت طالبات میں لیڈر شپ صلاحیتوں کی نشوونما کیلئے آئیڈیا تھنک ٹینک کے اشتراک سے پراجیکٹ کی افتتاحی تقریب ہوم اکنامکس یونیورسٹی میں منعقد کی گئی۔ ہوم اکنامکس یونیورسٹی میں پراجیکٹ لانچنگ کی تقریب میں امریکی قونصل جنرل کرسٹین ہاکنز،وزیر ہائر ایجوکیشن رانا سکندر حیات، وائس چانسلر ڈاکٹر فلیحہ کاظمی، سینئر صحافی سلمان غنی، ڈائریکٹر آئیڈیا تھنک ٹینک سلمان عابد، ڈاکٹر رعنا ملک، ڈاکٹر آصف منیر سمیت اساتذہ اور طالبات نے شرکت کی۔ پراجیکٹ کے تحت ہوم اکنامکس یونیورسٹی سمیت 4 یونیورسٹیوں کی طالبات کو ٹریننگ مہیا کی جائے گی جس کا مقصد طالبات میں لیڈر شپ صلاحیتوں کو فروغ دینا ہے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر ہائیر ایجوکیشن پنجاب رانا سکندر حیات نے کہا کہ میڑک اور انٹرمیڈیٹ کے امتحانات میں لڑکیاں ٹاپ پوزیشن لے رہی ہیں۔انہوں نے بتایا کہ پنجاب حکومت30 ہزار طلبا کو اعلی تعلیم کے حصول کے لیے سکالر شپ مہیا کر رہی ہے اور آئندہ مہینے حکومت40 ہزار طلبا میں لیپ ٹاپ تقسیم کرے گی۔ وزیر ہائر ایجوکیشن نے کہا کہ ویمن ڈویلپمنٹ سنٹرز یونیورسٹیوں میں طالبات کی صلاحیتوں کے نکھار میں اہم کردارا دا کر رہے ہیں۔تقریب سے خطاب میں امریکی قونصل جنرل کرسٹین ہاکنز نے کہا کہ امریکا پاکستانی طلبا کو ماسٹر اور پی ایچ ڈی سکالر شپ مہیا کر رہا ہے۔امریکی قونصل جنرل کرسٹین ہاکنز کا کہنا تھا کہ خواتین سماجی ترقی میں اہم کردار ادا کر سکتی ہیں اور امریکا خواتین کی ترقی پر یقین رکھتا ہے۔
تقریب سے خطاب میں سلمان غنی نے کہا کہ خواتین پاکستان کے ہر شعبے میں نمایاں کردار ادا کر رہی ہیں۔آئیڈیا تھنک ٹینک کے ڈائریکٹر سلمان عابد کا کہنا تھا کہ پراجیکٹ کے پہلے فیز میں4یونیورسٹیوں کو شامل کیا گیا ہے اور اس کے تحت ہر یونیورسٹی سے25 طالبات کا انتخاب میرٹ پر کیا جائے گا اور انھیں6مہینے تک ٹریننگ دی جائے گی جس کا مقصد ان طالبات میں لیڈر شپ صلاحیتوں کو فروغ دینا ہے۔انہوں نے بتایا کہ ہوم اکنامکس یونیورسٹی کا ویمن ڈویلپمنٹ سنٹر متحرک ہے اور طالبات کی نشوونما میں کلیدی کردار ادا کر رہا ہے۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=506961