پنجاب فوڈ اتھارٹی کی جنوبی پنجاب میں کارروائیاں، خلاف ورزی کرنے والوں کو جرمانے

کی خبریں

ڈیرہ غازی خان۔ 08 ستمبر (اے پی پی):پنجاب فوڈ اتھارٹی نے جنوبی پنجاب میں کارروائیوں کے دوران سینکڑوں لیٹر ملاوٹی دودھ اور مشروبات تلف کرنے کے علاوہ غیر معیاری و زائد المعیاد اشیاء فروخت کرنے پر جرمانے عائد کر دئیے۔

ترجمان فوڈ اتھارٹی جنوبی پنجاب کے مطابق عوام کی صحت کے ساتھ کھلواڑ کرنے والوں کے خلاف پنجاب فوڈ اتھارٹی کا کریک ڈاؤن جاری ہے اور فوڈ سیفٹی ٹیموں کے ڈی جی خان،بہاولپور ڈویژن میں کریانہ سٹورز،ملک شاپس اور ہوٹلز پر چھاپے،پنجاب پیور رولز کی خلاف ورزیوں پر فوڈ بزنس مالکان کو بھاری جرمانے عائد کر دئیے۔انہوں بتایا کہ ڈیرہ غازی خان میں اندھے والی پلی،

تونسہ شریف اور کنگن روڈ میں واقع 3 ملک شاپس غیر معیاری دودھ بیچنے پر 350لیٹر دودھ تلف کرنے کے ساتھ بھاری جرمانے عائد کر دیے گئے۔اسی طرح ٹبی قیصرانی میں سنیکس یونٹ کو آئل تبدیلی ریکارڈ نہ ہونے اور دیگر کریانہ سٹورز پر ایکسپائرڈ اشیاء کی فروخت کرنے پر یکساں 10 ہزارروپے کے جرمانے عائد کیے گئے۔اس کے علاوہ پتافی چوک مظفرگڑھ میں ہوٹل کو دودھ میں مردہ مکھیاں پائے جانے 10 ہزارروپے جرمانہ عائد کردیا گیا۔

اس کے علاوہ ممنوعہ،ایکسپائرڈ اشیاء کی فروخت پر غلہ منڈی بہاولپور میں کریانہ سٹور کو 20 ہزارروپے جرمانہ کیا گیا۔مزید برآں ابو ظہبی کالونی نمبر 2 رحیم یار خان میں 4 کریانہ سٹورز کو ممنوعہ چائنہ سالٹ کی فروخت کرنے،کھانے پینے کی اشیاء کو زمین پر سٹور کرنے پر 39 ہزارروپے کے جرمانے عائد کر دیے گئے۔علاوہ ازیں بخاری بازار چشتیاں بہاولنگر میں کریانہ سٹور کو حفظانِ صحت کے اصولوں کی خلاف ورزی 10 ہزارروپے جرمانہ عائد کیا گیا۔