اسلام آباد۔6نومبر (اے پی پی):وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ پنجاب میں اپنی حکومت ، اپنی پولیس ، اپنی انتظامیہ لیکن ایف آر نہیں کٹ سکی کیونکہ فارن فنڈڈ فتنہ پنجاب میں طاقتور کا قانون چاہتا ہے،دو گھنٹے کی الزام، بہتان اور جھوٹ سے بھری پریس کانفرنس سے پہلے قانون کے مطابق دو صفحوں کی ایف آئی آر کٹوا لیں، دو گھنٹے کی الزام بہتان جھوٹ بھری پریس ٹاک کر سکتے ہیں لیکن اپنی حکومت میں چار دن قاتلانہ حملے کی ایف آئی آر نہیں کٹوا سکے کیونکہ فارن فنڈڈ فتنہ پنجاب میں طاقتور کا قانون چاہتا ہے ، پنجاب انتظامیہ پر جھوٹی اور غلط ایف آئی آر کٹوانے کے لئے دبائو ڈال رہا ہے۔
اتوار کو اپنے ایک بیان میں وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات نے کہا کہ الزام، بہتان، جھوٹ اورغلاظت لیکن ایف آئی آر نہیں کٹ سکی، پنجاب میں اپنی حکومت ، اپنی پولیس ، اپنی انتظامیہ ہے لیکن ایف آر نہیں کٹ سکی کیونکہ فارن فنڈڈ فتنہ پنجاب میں طاقتور کا قانون چاہتا ہے ، جھوٹی ایف آئی آر کٹوانا چاہتا ہے، فارن فنڈڈ فتنہ پنجاب انتظامیہ کو غلط ایف آئی آر کٹوانے پر پریشرائز کر رہا ہے۔
مریم اورنگزیب نے کہا کہ فارن فنڈڈ فتنہ اپنی خواہش کے مطابق غیر قانونی ایف آئی آر کٹوانے پر بضد ہے۔انہوں نے کہا کہ حقیقی آزادی دلوانے والا فارن فنڈڈ فتنہ وزیر آباد کے تھانے سے چار دن گذرنے کے بعد بھی ایف آئی آر نہیں کٹوا سکا، فارن فنڈڈ فتنہ وزیراعظم، وزیر داخلہ اور آئی ایس آئی کے افسر پر قاتلانہ حملے کا بھونڈا الزام لگا سکتا ہے مگر وزیر آباد کے تھانے میں ایف آئی آر نہیں کٹوا سکتا، فارن فنڈڈ فتنہ اپنی مرضی کے مطابق ایف آئی آر درج کروانا چاہتا ہے فارن فنڈڈ فتنہ پولیس افسران پر دبائو ڈال رہا ہے۔
وزیر اطلاعات و نشریات نے کہا کہ عمران نیازی کی خواہش پر ایف آئی آر درج کرنے کیلئے پی ٹی آئی کے ڈنڈا برداروں نے تھانوں پر بھی دھاوا بولا۔