لاہور۔25مئی (اے پی پی):پی ڈی ایم اے نے پنجاب میں آنے والی تیز آندھی اور طوفان کے باعث نقصانات بارے رپورٹ جاری کردی ۔اتوار کے روز تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے ڈائریکٹر جنرل پی ڈی ایم اے عرفان علی کاٹھیا نے بتایا کہ ہفتہ کے روز آنے والی تیز آندھی اور طوفان بادو باراں کے نتیجہ میں صوبہ کے مختلف شہر وں میں14 افراد جاں بحق جبکہ101 زخمی ہوگئے ،
سب سے زیادہ نقصان صوبائی دارالحکومت لاہور میں ہوا جہاں آسمانی بجلی اور چھت گرنے سے 3 افراد جاں بحق ہوئے،شہر میں درختوں کے گرنے اور سولر پینلز کے نقصانات کے واقعات بھی رپورٹ ہوئے، اسی طرح جہلم میں2 افراد جاں بحق،32 زخمی،راولپنڈی، سیالکوٹ، شیخوپورہ، گوجرانوالہ، میانوالی اور لیہ میں بھی اموات اور زخمیوں بارے رپورٹ موصول ہوئی ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ زیادہ تر اموات بوسیدہ مکانات کے گرنے اور غیر محفوظ مقامات پر ہونے کے باعث ہوئیں ،طوفان کے باعث متعدد کچے اور بوسیدہ مکانات کو نقصان پہنچا ۔ڈی جی پی ڈی ایم اے نے کہا کہ صوبائی کنٹرول روم سمیت تمام اضلاع کے ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آپریشن سنٹرز کو بھی الرٹ کر دیا گیا ہے،پی ڈی ایم اے کنٹرول روم میں صورتحال کی مانیٹرنگ جاری ہے، شہریوں سے اپیل کی ہے کہ خراب موسم کے الرٹس کے مطابق غیر ضروری سفر سے گریز کریں ،بجلی کے کھمبوں اور لٹکتی تاروں سے دور رہیں،آ سمانی بجلی سے بچا ئوکیلئے محفوظ مقامات پر رہیں۔
انہوں نے کہا کہ بجلی کی گرج چمک اور طوفانی صورتحال میں کھلے آسمان تلے ہرگز نہ جائیں،بچوں کا خاص خیال رکھیں، انہیں بوسیدہ عمارتوں کے قریب ہرگز نہ جانے دیں جبکہ ایمرجنسی کی صورتحال میں پی ڈی ایم اے کی ہیلپ لائن 1129 پر کال کریں۔ریلیف کمشنر پنجاب نبیل جاوید کی زخمیوں کو بہترین طبی امداد فراہم کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ صوبہ بھر کے کمشنرز،ڈپٹی کمشنرز 1122 سمیت دیگر ریسکیو ادارے مشینری سمیت عملے کو الرٹ رکھیں۔انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب کی پالیسی کے مطابق متاثرہ خاندانوں کو مالی معاونت فراہم کی جائے گی۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=601172