پنجاب میں سرمایہ کاری پر چینی کمپنی کو ہر ممکن سہولت فراہم کریں گے، وزیر صنعت چوہدری شافع حسین

95
Chaudhry Shafi Hussain
Chaudhry Shafi Hussain

لاہور۔23اپریل (اے پی پی):صوبائی وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین سے پنجاب سرمایہ کاری بورڈمیں چین کی چپ مینو فیکچرنگ کمپنی کے وفد نے ملاقات کی۔چینی کمپنی نے چپ اور دیگر کارڈز کی مینو فیکچرنگ میں سرمایہ کاری میں دلچسپی کا اظہار کیا۔

ترجمان کے مطابق چینی کمپنی ایکس ایچ سمارٹ ٹیک لمیٹڈ کی انڈریو لی آنگ نے کہا کہ ہمارا گروپ پنجاب میں چپ مینو فیکچرنگ کا پلانٹ لگانا چاہتا ہے اس لئے بھلوال انڈسٹریل اسٹیٹ میں زمین دی جائے۔صوبائی وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین نے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب کے انڈسٹریل زونز میں سرمایہ کاری کی وسیع گنجائش موجود ہے۔

سپیشل اکنامک زونز میں دس سال تک انکم ٹیکس کی چھوٹ اور ایک مرتبہ ڈیوٹی فری مشینری کی درآمد کی سہولت ہے۔چینی کمپنی انڈسٹریل زون میں سرمایہ کاری کرے ہر ممکن سہولت دیں گے۔انہوں نے کہا کہ چپ اور کارڈ مینو فیکچرنگ میں سرمایہ کاری کا وسیع سکوپ موجود ہے۔

پنجاب حکومت چینی کمپنی کو چپ مینو فیکچرنگ کا پلانٹ لگانے کے لئے ہر ممکن تعاون فراہم کرنے کے لئے تیار ہے۔ چوہدری شافع حسین نے کہا کہ پنجاب میں نئی سرمایہ کاری لانا میرا عزم ہے۔ صوبے میں سرمایہ کار دوست ماحول موجود ہے۔ملکی و غیر ملکی سرمایہ کاروں کو ایک ہی چھت تلے ہر ممکن سہولتیں دے رہے ہیں۔ سیکرٹری صنعت و تجارت احسان بھٹہ، سی ای او پنجاب سرمایہ کاری بورڈ جلال حسن اور چینی کمپنی ایکس ایچ سمارٹ ٹیک لمیٹڈ کے عہدیدار ملاقات میں موجود تھے۔