لاہور۔14مارچ (اے پی پی):محکمہ جنگلات کی جانب سے سینئر صحافیوں کو فضائی آلودگی اور سموگ کے تدارک کے لیے وزیراعلی اسپیشل انیشیٹوز پر بریفنگ دی گئی۔ اس موقع پر سپیشل سیکرٹری جنگلات کیپٹن (ر) طاہر ظفر عباسی نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعلی پنجاب کی ہدایت پر صوبے میں جدید طرز پر بڑے پیمانے پر شجرکاری مہم جاری ہے۔
انہوں نے بتایا کہ سینئر وزیر مریم اورنگزیب کی نگرانی میں جنگلات کے تین میگا پراجیکٹس پر کام کیا جا رہا ہے، جن میں "پلانٹ فار پاکستان انیشی ایٹو”، "چیف منسٹر ایگرو فاریسٹری انیشی ایٹو” اور "گرین پاکستان پروگرام” شامل ہیں۔ ان منصوبوں کے تحت آئندہ پانچ سالوں میں پنجاب بھر میں 47 ملین درخت لگانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے، جب کہ رواں مالی سال میں 15,627 ایکڑ پر 12 ملین درخت لگائے جائیں گے۔
کیپٹن (ر) طاہر ظفر عباسی نے کہا کہ بنجر زمینوں پر شجرکاری سے موسمیاتی تبدیلی کے اثرات کم کرنے میں مدد ملے گی، جب کہ ان منصوبوں کے ذریعے روزگار کے مواقع اور معاشی ترقی میں بھی اضافہ ہوگا۔ مزید برآں، مری اور راولپنڈی کے جنگلات کو آگ سے محفوظ رکھنے کے لیے "شیلڈنگ سمٹ” منصوبہ شروع کیا گیا ہے، تاکہ جنگلات میں لگنے والی آگ سے صدیوں کی تباہی کو روکا جا سکے۔
انہوں نے کہا کہ چیڑ پائنز کے جنگلات کو ماحولیاتی و حیاتیاتی تنوع کا مرکز بنایا جائے گا، جو فضا میں آلودگی کم کرنے میں معاون ثابت ہوگا۔آخر میں اسپیشل سیکرٹری جنگلات نے شعبہ صحافت سے اپیل کی کہ وہ فضائی آلودگی کے خاتمے اور شجرکاری مہم میں عوام کو آگاہ کرکے اس قومی فریضے میں بھرپور کردار ادا کریں۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=572784