لاہور۔17اپریل (اے پی پی):پنجاب پولیس رحیم یار خان کچہ میں انٹیلی جنس بیسڈ کاروائیاں جاری رکھے ہوئے ہے جس کے تسلسل میں پنجاب پولیس نے بھر پور کاروائی کرتے ہوئے کچہ کریمینلز کے خلاف بڑی کامیابی حاصل کر لی ہے۔ڈی پی او رحیم یارخان رضوان عمر گوندل نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ پولیس کی بھرپور کاروائی سے لٹھانی گینگ کے4 ڈاکوئوں نے پولیس کے سامنے سرنڈر کر دیا۔
سرنڈر کرنے والے ڈاکووں میں نذیر احمد ولد دوست محمد عرف دوسو جس کی حکومت پنجاب نے سر کی قیمت 2.5 مِلین مقرر رکھی تھی، امین لٹھانی، یسین لٹھانی اور غلام نبی لٹھانی شامل ہیں جن کیخلاف آئندہ قانونی کاروائی عمل میں لائی جائے گی۔
ڈی پی او رضوان عمر گوندل نے بتایا کہ کچہ میں سندھ پنجاب بارڈر پر خطرناک ڈاکو اغوا برائے تاوان، ڈکیتی، سرقہ بالجبر جیسے سنگین جرائم کی خطرناک وارداتیں کرتے ہیں جن کے خلاف سندھ اور پنجاب پولیس انٹیلی جنس بیسڈ کاروائیوں جاری رکھے ہوئے ہے،ان کاروائیوں کے دوران رحیم یارخان پولیس نے کچھ ہی عرصہ میں ماچھکہ میں 12 جوانوں کی شہادت سمیت متعدد سنگین وارداتوں میں پولیس کو مطلوب 22 خطرناک ڈاکو ہلاک کئے۔ہلاک ڈاکووں میں شاہد لنڈ، کوڑا کوش، شمیر کوش، حکیم کوش اور شاہ مراد لٹھانی سر فہرست ہیں۔
ڈی پی او رضوان عمر گوندل نے مزید کہا کہ حکومت پنجاب کی ہدایات پر جو لوگ اسٹیٹ کے سامنے سرنڈر کرنا چاہتے ہیں وہ جرائم کی دنیا چھوڑ کر گرفتار ی دیدیں جن کیخلاف قانون کے مطابق کاروائی عمل میں لائی جائے گی۔رحیم یارخان پولیس مستقل بنیادوں پر کچہ میں کریمینلز کیخلاف IBOs کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہیں جس میں رحیم یارخان پولیس نے بے شمار کامیابیاں حاصل کیں۔آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کچہ کریمینلز کے خلاف شاندار کاروائی پر رحیم یارخان پولیس کو شاباش دی ہے۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=583819