پنجاب کابینہ کا ایک اور قومی و تاریخی فیصلہ، باب آزادی واہگہ بارڈرکی اپ گریڈیشن ہوگی، پریڈ گراونڈ کی توسیع کیساتھ بہترین سہولتیں فراہم کی جائیں گی، پارکنگ ایریا کو مزید کشادہ کیا جائے گا:محسن نقوی

145
Interior Minister Mohsin Raza Naqvi
Interior Minister Mohsin Raza Naqvi

لاہور۔4فروری (اے پی پی):وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی کی زیر صدارت وزیراعلی آفس میں پنجاب کابینہ کا 39واں اجلاس منعقد ہوا۔پنجاب کابینہ کے اجلاس میں ایک اور قومی و تاریخی فیصلہ کیا گیا جس میں باب آزادی واہگہ بارڈرکی اپ گریڈیشن ہوگی، شاہی قلعہ کی طرز پر ری ڈیزائن کیا جائے گا۔کابینہ نے باب آزادی اور پریڈ گراونڈ کی توسیع و ری ڈیزائن پراجیکٹ اورفنڈز کے اجرا کی منظوری دی۔

وزیراعلی محسن نقوی نے کہا کہ باب آزادی کو شاہی قلعہ کی طرز پر اپ گریڈ کیاجائے گا۔ داخلی گیٹ شاہی قلعہ کے عالمگیری گیٹ کی طرز پر ڈیزائن ہوگا۔انہوں نے باب آزادی پر پریڈ دکھانے کیلئے بڑی ایل سی ڈیز نصب کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ پریڈ گراونڈ کی توسیع کیساتھ بہترین سہولتیں فراہم کی جائیں گی اور پارکنگ ایریا کو مزید کشادہ کیا جائے گا۔بریفنگ میں بتایاگیا کہ اپ گریڈیشن کے بعد پریڈ گراونڈ میں لوگوں کے بیٹھنے کی گنجائش تقریبا18 ہزار ہوجائے گی ا ور باب آزادی پراجیکٹ کی اونچائی تقریبا 120فٹ ہوگی۔

اجلاس میں لبرٹی چوک کی ری ماڈلنگ اور جنوبی ایشیا کے سب سے بڑے قومی پرچم کیلئے بینک الفلاح سے معاہدے کی منظوری اور لاہور میٹروبس سروس کے کوریڈور کی تعمیر و توسیع کے لئے فنڈز کی منظوری دی گئی۔اجلاس میں بینک آف پنجاب کے نئے بورڈ کے ارکان کی نامزدگی اورحکومت پنجاب کی سرکاری رہائش گاہیں الاٹ کرنے کی پالیسی 2023 کی منظوری دی گئی۔کابینہ نے بہاولپور سے لودھراں تک سپیڈ وبس سروس کے معاہدے کی توسیع اور محکمہ جیل خانہ جات کو محکمہ فوڈ کی جانب سے گندم / آٹا کی فراہمی کی منظوری دی۔

اجلاس میں کابینہ سٹینڈنگ کمیٹی قانونی امور و نجکاری کے 14ویں اجلاس اور کابینہ سٹینڈنگ کمیٹی امن و امان کے 8ویں، 12ویں، 13ویں، 14ویں،15 ویں اور 16ویں اجلاسوں کے فیصلوں کی توثیق کی گئی۔صوبائی وزرا، مشیران، چیف سیکرٹری، ایڈووکیٹ جنرل پنجاب، انسپکٹرجنرل پولیس، سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو، چیئرمین پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ بورڈ، متعلقہ محکموں کے سیکرٹریز نے اجلاس میں شرکت کی۔