پنجاب کونسل آف آرٹس فیصل آباد کے زیراہتمام یوم یکجہتی کشمیر کے سلسلے میں قومی کانفرنس کا انعقاد

190
Kashmir Solidarity Day
Kashmir Solidarity Day

فیصل آباد۔ 05 فروری (اے پی پی):پنجاب کونسل آف آرٹس فیصل آباد ڈویژن اور یونیورسٹی آف ایجوکیشن فیصل آباد کے اشتراک سے یوم یکجہتی کشمیر کے سلسلے میں ایک روزہ قومی کانفرنس،تصاویری نمائش اور ریلی کا انعقاد کیا گیا۔اس موقع پر ذرائع ابلاغ کا بیانیہ اور کشمیر کی لسانیاتی نمائندگی کے موضوع پر ایک روزہ قومی کانفرنس منعقد کی گئی جس میں مختلف شعبہ جات سے تعلق رکھنے والے سکالرز نے دور حاضر میں ذرائع ابلاغ اور کشمیر کی لسانیاتی نمائندگی پر اپنے خیالات کا اظہار کیا۔کانفرنس کا مرکزی خطاب پروفیسر ڈاکٹر مظہر حیات نے دیا جبکہ دیگر شرکاء میں ڈاکٹر شبیر احمد قادری،ڈاکٹر سید کاظم شاہ،ڈاکٹر طارق ہاشمی،ڈاکٹر صدف نقوی اور ڈاکٹر عبدالقادر مشتاق شامل تھے۔

اس کے علاوہ تصاویری نمائش اور ریلی کا اہتمام بھی کیا گیا۔یوم یکجہتی کشمیر کی مناسبت سے تصویری نمائش کا مقصد مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کو اجاگر کرنا تھا۔ تصویری نمائش میں طلباء و طالبات نے شرکت کی۔ اس موقع پر یکجہتی کشمیر کے سلسلے میں طلباء وطالبات کے ریسرچ پیپرز بھی پیش کیے گئے۔

اس موقع پر ڈائریکٹر فیصل آباد آرٹس کونسل محمد ابرار عالم اور پرنسپل یونیورسٹی آف ایجوکیشن فیصل آباد ڈاکٹر شاہد اقبال نے اس عزم کا اظہار کیا کہ نوجوان نسل میں مسئلہ کشمیر کی آگاہی اور ان سے اظہار یکجہتی لازم و ملزوم ہے۔ اس موقع پر ڈاکٹر صباحت پروین، ڈاکٹر فیصل فرید،اسد حیات نول اسسٹنٹ ڈائریکٹر فیصل آباد آرٹس کونسل،دیگر سکالرز اور طلباء و طالبات کی بڑی تعداد بھی موجود تھی۔