پنجاب کی ترقی کا سفر جو ہم نے شروع کیا تھا،اسےگزشتہ حکومت نےدانستہ طورپرروکا،پنجاب کی عوام سےمسلم لیگ ن کی حمایت کاانتقام لیاگیا،وزیراعظم

136
پنجاب کی ترقی کا سفر جو ہم نے شروع کیا تھا، اسے گزشتہ حکومت نے دانستہ طور پر روکا ،پنجاب کی عوام سے مسلم لیگ ن کی حمایت کا انتقام لیا گیا،وزیر اعظم محمد شہباز شریف

لاہور/اسلام آباد۔16اپریل (اے پی پی):وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ پنجاب کی ترقی کا سفر جو ہم نے شروع کیا تھا، اسے گزشتہ حکومت نے دانستہ طور پر روکا ،پنجاب کی عوام سے مسلم لیگ ن کی حمایت کا انتقام لیا گیا،لاہور میں نئے منصوبے تو درکنار، ہمارے شروع کئے گئے منصوبوں کو تعطل کا شکار رکھا گیا۔ اتوار کو لاہور میں مختلف ترقیاتی منصوبوں کے دورہ کے موقع پر وزیر اعظم نے کہا کہ گزشتہ حکومت کے 4 سال پنجاب کو ایک نا اہل اور کٹھ پتلی وزیرِ اعلی کے سپرد کیا گیا۔

پنجاب کی ترقی پر توجہ کی بجائے وزارتِ اعلی کے منصب کو وفاق میں سیاسی جوڑ توڑ کیلئے استعمال کیا جاتا رہا،عوامی فلاحی منصوبے جو اب تک مکمل ہو کر لوگوں کی مشکلات میں کمی کر چکے ہوتے، سالہا سال تاخیر کا شکار رہے۔ وزیر اعظم آفس میڈیا ونگ کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق وزیر اعظم نے تمام جاری منصوبوں کو جلد از جلد مکمل کیا جائے۔

وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت لاہور میں جاری عوامی سہولت کے ترقیاتی کاموں اور مجوزہ منصوبوں کے حوالے سے اعلی سطحی اجلاس منعقد ہوا۔اجلاس میں مشیرِ وزیر اعظم احد خان چیمہ، نگران وزیر اعلی پنجاب سید محسن نقوی اور وفاقی و صوبائی افسران نے شرکت کی۔

اجلاس کو امامیہ کالونی فلائی اوور کے منصوبے کے بارے میں تفصیلی بریفننگ دی گئی۔ وزیراعظم نے منصوبے کو عوام کے استعمال کے لئے جلد از جلد مکمل کرنے کی ہدایت بھی کی۔ اجلاس کو گوجرانوالہ کے عوام کی سہولت کے لئے لاہور – سیالکوٹ موٹر وے لنک روڈ کے مجوزہ منصوبے کے حوالے سے بھی آگاہ کیا گیا۔ وزیراعظم نے اس حوالے سے وزیر اعلی پنجاب کو ایک تین رکنی کمیٹی تشکیل دینے کی ہدایت کی۔کمیٹی آئندہ اجلاس میں اس منصوبے کے بارے میں تفصیلی بریفنگ پیش کرے گی۔