34.9 C
Islamabad
منگل, اپریل 22, 2025
ہومعلاقائی خبریںپنجاب کے تمام میڈیکل و ڈینٹل کالجز میں داخلوں کیلئےایڈمشن ٹیسٹ 10ستمبر...

پنجاب کے تمام میڈیکل و ڈینٹل کالجز میں داخلوں کیلئےایڈمشن ٹیسٹ 10ستمبر کو ہوگا،رول نمبر سلپس جاری

- Advertisement -

فیصل آباد ۔ 04 ستمبر (اے پی پی):پاکستان میڈیکل اینڈ کونسل اوریونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز لاہور کے زیر اہتمام پنجاب بھر کے تمام سرکاری و غیر سرکاری میڈیکل و ڈینٹل کالجز میں ایم بی بی ایس و بی ڈی ایس کلاسزمیں داخلوں کیلئے ایڈمشن ٹیسٹ(ایم ڈی کیٹ)10ستمبر بروز اتوار کومنعقد ہوگا جس میں حصہ لینے والے طلباوطالبات کو رول نمبر سلپیں جاری اور سنٹر الاٹ کردیئے گئے ہیں جبکہ اس سلسلہ میں فیصل آباد،لاہور،راولپنڈی،ملتان،بہاولپور،ڈی جی خان،ساہیوال،گوجرانوالہ،گجرات، سیالکوٹ اور سرگودھاسمیت پنجاب کے 11شہروں میں امتحانی سنٹرز قائم کئے گئے ہیں اورایم ڈی کیٹ امتحان میں شرکت کرنیوالے طلبا و طالبات کیلئے ایڈمشن کارڈزکے ساتھ امتحانی مر اکز میں داخلے کے حوالے سے ضروری ہدایات بھی جاری کردی گئی ہیں۔

یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز کے ترجمان نے اے پی پی کو بتایا کہ پنے متعلقہ امتحانی سنٹر میں انٹری کی غرض سے ایڈمشن کارڈ کا پرنٹ آؤٹ حاصل کرنے کیلئے ہر امیدوار کیلئے لازم ہے کہ وہ اپنے ایڈمشن کارڈ پرنٹ حاصل کریں جس پر اس کا رولنمبر اور ٹیسٹ سنٹر درج ہے۔انہوں نے بتایا کہ پنجاب کیلئے پی ایم ڈی سی کے پورٹل پررجسٹرڈامیدواران اپنا ایڈمشن کارڈ یو ایچ ایس ویب سائٹ www.uhs.edu.pkسے ایڈمشن کارڈ ایم ڈی کیٹ 2023 ڈاؤن لوڈ بٹن پر کلک کر کے ڈاؤن لوڈ کر لیں جوہوم پیج پر دستیاب ہے۔

- Advertisement -

انہوں نے کہا کہ اپنے ایڈمشن کارڈ تک رسائی کیلئے امیدواران کو اپنا پورا نام اور اپنے آئی ڈی کے آخری 4ہندسے (قومی شناختی کارڈ،پاسپورٹ، ب فارم)جو کہ ایم ڈی کیٹ 2023کی رجسٹریشن کے وقت استعمال کئے گئے ہوں درج کرنا ہوں گے۔انہوں نے امیدواران کو ہدائت کی کہ وہ اپنے ایڈمشن کارڈ کو ڈاؤن لوڈ کریں اور اے فور سائز کے سفید کاغذ پر اس کا پرنٹ آؤٹ لیں۔

امتحانی مراکز میں داخلے سے متعلق ہدایات جاری کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ طلباوطالبات امتحانی مرکز جانے سے قبل اس بات کی یقین دہانی کر لیں کہ انہیں امتحانی مرکز کا درست پتہ معلوم ہے نیزامتحانی مرکز میں سیل فون،کیلکو لیٹر،کتابیں،نوٹس،ہتھیار یا اسلحہ،بیگز،الیکٹرونک ڈیوائس،سمارٹ اور ڈیجیٹل گھڑیاں،ہیڈ فونز،بلو ٹوتھ ڈیوائس اور مٹیلیک پین وغیرہ ساتھ لے جانے پر سختی سے پابندی ہوگی جبکہ خلاف ورزی کی صورت میں امیدواروں کو فوراً امتحانی مرکز سے نکالنے اور پرچہ منسوخ کرنے کی سزا دی جائے گی۔

انہوں نے کہاکہ امیدوار10ستمبربروزاتوارکو صبح8سے 9بجے کے درمیان اپنے امتحانی سنٹر پرپہنچ جائیں کیونکہ امتحانی مراکز کو صبح 9بجے کے بعد سیل کر دیا جائے گااوراس کے بعد کسی کو بھی داخلے کی اجازت نہ ہو گی نیزٹیسٹ صبح 10بجے شروع اور دوپہر ڈیڑھ بجے ختم ہو جائے گا۔انہوں نے کہاکہ میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالجز ایڈمشن ٹیسٹ(ایم ڈی کیٹ)کے موقع پرامیدوار اپنے ہمراہ اصل شناختی کارڈ،جے سی این،نائیکوپ،پاسپورٹ،ب فارم لائیں جن کی فوٹو کاپیاں قابل قبول نہ ہوں گی۔انہوں نے کہا کہ طلباوطالبات وہی دستاویزات ہمراہ لائیں جن کے ذریعے ایم ڈی کیٹ 2023میں رجسٹریشن کروائی گئی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ طلبا یونیورسٹی کی جانب سے جاری کردہ ایڈمشن کارڈ کا پرنٹ آؤٹ،ایک صاف اور ٹرانسپیرنٹ کلپ بورڈ جس میں کچھ نہ لکھا ہو،صرف نیلی سیاہی کی حامل 2بال پوائنٹ ہمراہ لائیں کیونکہ پوائنٹر،مارکر،پنسلز، جیل پین،انک پین وغیرہ ہمراہ لانے کی اجازت نہیں ہوگی۔انہوں نے کہا کہ طلباوطالبات500ایم ایل کی ایک ٹرانسپیرنٹ چھوٹی پانی کی بوتل ساتھ لاسکتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ایسے امیدوار جو اپنا اصل شناختی کارڈ،جے سی،نائیکوپ،پاسپورٹ،ب فارم اور ایڈمشن کارڈ کا پرنٹ آؤٹ ہمراہ لانے میں ناکام رہے اسے ٹیسٹ دینے کی اجازت نہ ہوگی۔

انہوں نے واضح کیا کہ امتحانی مراکز میں داخلے سے قبل امیدواران کی جامہ تلاشی لی جائے گی جبکہ والدین،رشتہ داروں کو امتحانی مرکز کے احاطہ کے اندر یا اس کے آس پاس جانے کی اجازت نہ ہو گی۔انہوں نے کہا کہ حکومت کی طرف سے نافذ دفعہ 144کے تحت سکیورٹی وجوہات کی بنا پر مرکز کے باہر قیام کا کوئی انتظام نہیں ہو گالہٰذاتمام افراداپنے بچوں کو متعلقہ امتحانی مرکز پر چھوڑیں اور امتحان کے بعد پک کریں۔

انہوں نے کہا کہ امیدواران کی ذاتی اشیا کو امتحانی مرکز میں رکھنے کا کوئی انتظام نہیں ہو گالہٰذااگر کسی امیدوار کے پاس،مرکز کے اندر ممنوعہ اشیا خصوصاً موبائل فون پایا گیا تو اسے ناجائز ذرائع کا استعمال تصور کیا جائے گا اور امیدواروں کے خلاف متعلقہ قوانین کے تحت کاروائی عمل میں لائی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ مزید معلومات یونیورسٹی آف ہیلتھ
سائنسز کی ویب سائٹ www.uhs.edu.pkپربھی دستیاب ہیں۔

Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=386247

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں