لاہور۔13جون (اے پی پی):پنجاب یونیورسٹی لاہور کنفیوشس انسٹیٹیوٹ اور اورنج لائن میٹرو ٹرین کے مابین تربیتی معاہدہ طے پا گیا۔ اس سلسلے میں پنجاب یونیورسٹی کنفیوشس انسٹیٹیوٹ کے میزبان ڈائریکٹر پروفیسر ڈاکٹر شفیق الرحمان اور جنرل منیجر لی ٹینگ نے مفاہمتی یاداشت پر دستخط کئے۔معاہدے کی رو سے، پنجاب یونیورسٹی کنفیوشس انسٹیٹیوٹ کے اساتذہ اورنج لائن میٹرو ٹرین کی اعلی انتظامیہ کو اردو اور چینی زبانیں سکھائیں گے۔
یہ ایک دو لسانی تربیت ہے جو کنفیوشس انسٹیٹیوٹ اورنج لائن میٹرو ٹرین کے ملازمین کو فراہم کی جائے گی۔ کنفیوشس انسٹیٹیوٹ کی طرف سے ثقافتی سرگرمیوں میں اورنج لائن میٹرو ٹرین کے ساتھ پہلے بھی تعاون جاری ہے۔تقریب میں پنجاب یونیورسٹی کنفیوشس انسٹیٹیوٹ کے فیکلٹی ممبران، ملازمین اور اورنج لائن میٹرو ٹرین کے وفودنے شرکت کی۔ پروفیسر ڈاکٹر شفیق الرحمان نے کہا کہ چینی اور پاکستانی عوام کے درمیان ثقافتی اور دو لسانی تعلقات کو مضبوط بنانے کے لیے یہ بہترین اقدام ہے۔