پولیس لائن باجوڑ میں شہداء کی نمازِ جنازہ سرکاری اعزاز کے ساتھ ادا کردی گئی

25
پولیس لائن باجوڑ میں شہداء کی نمازِ جنازہ سرکاری اعزاز کے ساتھ ادا کردی گئی

پشاور۔ 02 جولائی (اے پی پی):پولیس لائن باجوڑ میں شہداء کی نمازِ جنازہ سرکاری اعزاز کے ساتھ ادا کردی گئی۔نمازِ جنازہ میں ڈپٹی کمشنر باجوڑ شاہد علی خان، کمانڈنٹ باجوڑ سکاؤٹس بریگیڈیئر سعد محمد، ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر وقاص رفیق، انتظامی افسران، پولیس افسران، سیاسی و علاقائی عمائدین، شہداء کے لواحقین اور مختلف مکاتبِ فکر سے تعلق رکھنے والے افراد نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

نماز جنازہ کے بعد شہداء کی میتیں پولیس کے خصوصی دستے کی نگرانی میں ان کے آبائی علاقوں کو روانہ کی گئیں، جہاں ان کی تدفین سرکاری اعزاز کے ساتھ کی جائے گی۔واضح رہے کہ بدھ کے روزدوپہر اسسٹنٹ کمشنر ناواگئی کی گاڑی کو شرپسند عناصر نے ریموٹ کنٹرول بم سے نشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں اسسٹنٹ کمشنر ناواگئی فیصل اسماعیل، تحصیلدار ناواگئی عبد الوکیل خان، پولیس اہلکار زاہد اور ایک راہگیر موقع پر شہید ہو گئے، جبکہ 5 پولیس اہلکاروں سمیت مجموعی طور پر 11 افراد زخمی ہوئے۔