لاہور۔9اپریل (اے پی پی):آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انورپولیس ملازمین کے سپیشل بچوں کےعلاج معالجے کےلئے پر عزم ہیں ۔رواں سال لاہور سمیت مختلف اضلاع میں تعینات پولیس ملازمین کے سپیشل بچوں کے علاج کے لئے 7 کروڑ روپے سے زائد کے فنڈز جاری کئے گئے ہیں ۔رواں سال 8 بچوں کی کوکلئیرامپلانٹ سرجریز کےلئے 1 کروڑ 32 لاکھ روپے سے زائد فنڈز جاری کئے گئے۔ ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق قوت سماعت کے دیگر عارضوں کا شکار 11 بچوں کو علاج معالجے کےلئے 9 لاکھ 95 ہزار روپے سے زائد جاری کئے۔
تھیلیسمیا سے متاثرہ 161 بچوں کو طبی اخراجات کیلئے ماہانہ 15 ہزار ، مجموعی طور پر 70 لاکھ 65 ہزار روپے جاری کئے۔دماغی معذور (سیریبل پالسی) 632 بچوں کو ماہانہ 10 ہزار، مجموعی طور پر 3 کروڑ 74 لاکھ روپے سے زائد رقم دی گئی۔
ترجمان پنجاب پولیس نے بتایا کہ مختلف سنگین بیماریوں کا شکار 36 بچوں کو علاج معالجے کےلئے 55 لاکھ 26 ہزار روپے سے زائد دئیے گئے، کینسر اور بون میرو ٹرانسپلانٹ کے مرض میں مبتلا 8 بچوں کو 48 لاکھ 50 ہزار روپے جاری کئے۔دل اور گردوں کی میجر سرجری کےلئے 8 بچوں کو 12 لاکھ 45 ہزار روپے دئیے گئے۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=579854