اسلام آباد۔11دسمبر (اے پی پی):وزیراعظم کے کوآرڈینیٹر برائے صحت ڈاکٹر مختاراحمد بھرتھ نے کہا ہے کہ پولیو سمیت تمام بیماریوں کی ویکسین کی ہر بچے تک فراہمی کو یقینی بنائی جائے گی ،حکومت بچوں کو متعدی بیماریوں سے محفوظ رکھنے کے لیے تمام وسائل استعمال کرے گی۔ وزارت صحت سے جاری بیان کے مطابق یہ ہدایت انہوں نے بدھ کو اپنی زیر صدارت بچوں کے ویکسینیشن پروگرام بہتری کے لئے سٹیرنگ کمیٹی کے پہلے اجلاس میں دیں۔ اجلاس میں فیڈرل سیکرٹری ہیلتھ اور ڈی جی ہیلتھ بھی ڈبلیو ایچ او ، یونیسف کے سربراہان ، سی ڈی سی کے سٹیریٹیجک ایڈوائزر ، اور چاروں صوبوں کے ڈی جی ہیلتھ نے شرکت کی ۔
اجلاس میں قومی پروگرام برائے حفاظتی ٹیکہ جات اور پولیو پروگرام نے موجودہ صورتحال اور جاری اقدامات سے آگاہ کیا گیا اور بتایا گیا کی اس سال کے رپورٹ ہونیوالے پولیو کیسز میں 60 فیصدبچوں کو روٹین امیونائزیشن کی کوئی ویکسین نہیں لگی جس کی وجہ سے بچوں میں مرض کی شدت بھی دیکھنے میں آئی ہے۔اجلاس میں ڈاکٹرمختار احمد بھرتھ نے اس حوالے سے صحت کے وفاقی اور صوبائی حکام کو فوری اقدامات کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہاکہ پولیو سمیت تمام بیماریوں کی ویکسین کی ہر بچے تک فراہمی کو یقینی بنایاجائے۔
پولیو سے متاثرہ اضلاع میں ای پی آئی اور پولیو پروگرام مشترکہ حکمت عملی تشکیل دیں اور پولیو ورکر آنے والی مہم کے دوران حفاظتی ٹیکہ جات سے محروم بچوں کی نشان دہی کریں گے۔ انہوں نے مزیز کہا کہ ای پی آئی کے ویکسینیٹر ان بچوں کی ویکسی نیشن کا کورس مکمل کرنے کے ذمہ دار ہوں گے ۔ حکومت پاکستان بچوں کو متعدّی بیماریوں سے محفوظ رکھنے کے لیے تمام وسائل استعمال کرے گی۔ حکومت نے ملک بھر سے پولیو کے خاتمے کا پختہ عزم کر رکھاہے اور موثر اقدامات کو یقینی بنارہے ہیں۔ ڈاکٹر مختاراحمد بھرتھ نے کہا کہ میں اور فیڈرل سیکرٹری ہیلتھ تمام اقدامات کی مانیٹرنگ بھی کریں گے۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=534711