تھرپارکر ۔ 11 ستمبر (اے پی پی):ڈپٹی کمشنر تھرپارکر عبدالحلیم جاگیرانی نے محکمہ صحت و دیگر متعلقہ محکموں کے افسران کو ہدایت کی ہے کہ وہ ضلع میں 2 سے 6 اکتوبر 2023 تک جاری رہنے والی 5 روزہ انسدادِ پولیو مہم کو کامیاب بنانے کے لیے اپنے تمام تر وسائل بروئے کار لائیں کیونکہ پولیو کا خاتمہ ہم سب کی ذمہ داری اور یہ ایک قومی فریضہ بھی ہے*۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے آج انسدادِ پولیو مہم کے انتظامات کا جائزہ لینے کیلئے ڈی سی کانفرنس ہال میں منعقدہ ڈسٹرکٹ پولیو ایریڈیکیشن کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔
اجلاس میں ایس ایس پی تھرپارکر علی مردان کھوسو ، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ون امتیاز منگی، ضلع کے اسسٹنٹ کمشنرز، ایڈیشنل ڈی ایچ او تھرپارکر ڈاکٹر سجن راہموں، ایڈیشنل ڈی ایچ او ڈاکٹر بھرت کمار سونی، ڈسٹرکٹ منیجر پی پی ایچ آئی رابعہ سید سمیت محکمہ پولیس ، سوشل ویلفیئر، ڈبلیوایچ او کے نمائندگان اور دیگر متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی۔
اس موقع پر ڈپٹی کمشنر تھرپارکر کا کہنا تھا کہ ٹرانزٹ پوائنٹ پر پانچ سال سے کم عمر بچوں کو انسداد پولیو کے قطرے ضرور پلائے جائیں کیونکہ ٹرانزٹ پوائنٹ پر ہمشہ پولیو کے خطرات موجود ہوتے ہیں۔ اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ 1998 سے ضلع تھرپارکر پولیو فری ضلع ہے, پچھلی انسداد پولیو مہم میں 100 فیصد ٹارگٹ مکمل کئے گئے ہیں اور تمام انکاری کیس کو کور کیا کیا۔
انہوں نے بتایا کہ انسداد پولیو ویکسین کے ساتھ بچوں کی قوت مدافعت بڑھانے کے لیے وٹامن اے کے قطرے بھی پلائے جا رہے ہیں۔ انہوں نے 2 سے 6 اکتوبر تک جاری رہنے انسداد مہم کے انتظامات کے متعلق بتایا کہ ضلع کی 44 یونین کونسلز کے 5سال تک کی عمر کے 307041 بچوں کو قطرے پلانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے اس ضمن میں ٹوٹل 1153 ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں جس میں 1021 موبائل ٹیمیں، 71 فکسڈ پوائنٹ ٹیمیں، 64 ٹرانزٹ ٹیمیں شامل ہیں جبکہ 220 ایریا انچارجز ، 75 یوسی ایم اوز اور 1065 لیڈی ہیلتھ ورکرز مہم کا حصہ ہونگی۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=389045