اسلام آباد۔21اپریل (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے انسانی حقوق اعظم نذیر تارڑ نے پوپ فرانسس کے انتقال پر گہرے افسوس کا اظہار کیا ہے۔ پیر کو وزارت انسانی حقوق سے جاری تعزیتی بیان میں وفاقی وزیر نے کہا کہ پوپ فرانسس کے انتقال پر بہت افسردہ ہوں اور عالمی مسیحی برادری بالخصوص پاکستان میں ہمارے مسیحی بھائیوں اور بہنوں سے دلی تعزیت کا اظہار کرتا ہوں۔
انھوں نے کہا کہ پوپ فرانسس ہمدردی، عاجزی اور انصاف کا نشان تھے۔ پسماندہ افراد کے لئے ان کی غیر متزلزل وابستگی، بین المذاہب ہم آہنگی کے لئے ان کی وکالت اور متنوع برادریوں کے درمیان امن اور افہام و تفہیم کو فروغ دینے کے لئے ان کی کوششوں نے دنیا پر انمٹ نقوش چھوڑے ہیں۔انھوں نے کہا کہ پوپ فرانسس بین المذاہب ہم آہنگی کے علمبردار تھے ، انھوں نے محروم طبقات کی بے لوث خدمت کی۔ اعظم نذیر تارڑ نے کہا کہ پوپ فرانسس کی خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=585094