ویٹیکن سٹی ۔27جون (اے پی پی):پوپ لیو نے کہا ہے کہ شرقِ اوسط میں تنازعات بے مثال "ظالمانہ شدت” سے بڑھ رہے ہیں اور انہوں نے خطے میں کام کرنے والے کیتھولک بشپس اور امدادی ایجنسیوں کے نام اپنے تبصروں میں بین الاقوامی قانون کے زیادہ احترام کی اپیل کی۔العربیہ کے مطابق ویٹیکن میں ایک اجلاس میں پوپ نے کہا کہ خطے کے ممالک "جنگوں سے تباہ اور خصوصی مفادات کا شکار ہو رہے ہیں اور ان پر نفرت کے بادل چھائے ہیں جو فضا کو ناقابلِ برداشت اور زہریلا بنا دیتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ آج پرتشدد تنازعہ ایک ایسی ظالمانہ شدت کے ساتھ بھڑک رہا ہے جو پہلے نہیں دیکھی گئی۔ غزہ کے فلسطینی انکلیو میں انسانی صورتِ حال "المناک اور غیر انسانی” ہے۔انہوں نے کہا کہ یہ واقعی بہت تکلیف دہ ہے کہ ‘جس کی لاٹھی، اس کی بھینس’ کا اصول آج کئی حالات میں غالب ہے اور یہ سب اپنے مفاد کے حصول کو قانونی حیثیت دینے کی خاطر کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے مزید کہاکہ یہ نہایت پریشان کن ہے کہ بین الاقوامی قانون اور انسانی حقوق کی طاقت اب کسی کو پابند نہیں کر سکتی اور اس کی جگہ دوسروں پر زبردستی کرنے کے مبینہ حق نے لے لی ہے۔