20.5 C
Islamabad
پیر, اپریل 21, 2025
ہومکھیل کی خبریںپہلا ٹیسٹ ، نیوزی لینڈ نے بنگلہ دیش کے خلاف پہلی اننگز...

پہلا ٹیسٹ ، نیوزی لینڈ نے بنگلہ دیش کے خلاف پہلی اننگز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 266 رنز بنا لئے، ولیمسن کی شاندار سنچری

- Advertisement -

سلہٹ۔29نومبر (اے پی پی):نیوزی لینڈ نے بنگلہ دیش کے خلاف پہلے کرکٹ ٹیسٹ میچ کے دوسرے روز کھیل کے اختتام تک اپنی پہلی اننگز میں 8وکٹوں کے نقصان پر 266رنز بنا لئے، اسے میزبان ٹیم کی پہلی اننگز کا سکور برابر کرنے کے لئے مزید 44 رنز درکار ہیں، کیوی تجربہ کار بلے باز کین ولیمسن نے شاندار سنچری سکورکر کے ٹیم کو مکمل تباہی سے بچایا، تیجل الاسلام نے 4 اہم وکٹیں حاصل کیں،قبل ازیں بنگلہ دیشی ٹیم پہلی اننگز میں 310رنز بنا کر آئوٹ ہو گئی تھی۔ بدھ کو سلہٹ انٹرنیشنل کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلے جارہے ٹیسٹ میچ کے دوسرے روز میزبان ٹیم نے گزشتہ روز کے سکور 310 رنز 9 کھلاڑی آئوٹ پر اننگز کا دوبارہ آغاز کیا تو اوور کی پہلی ہی گیند پر اس کا آخری کھلاڑی شریف الاسلام رنز میں بغیر کوئی اضافہ کئے آئوٹ ہوگیا، ٹم سائوتھی نے آخری وکٹ حاصل کی۔

جواب میں نیوزی لینڈ کی اننگز کا آغاز بھی زیادہ پراعتماد نہیں تھااوراس کے دو مستند کھلاڑی ٹام لیتھم اور ڈیون کونوے 44 کے مجموعی سکور پر پویلین لوٹ گئے، اس کے بعد کین ولیمسن نے پراعتماد انداز میں بیٹنگ کرتے ہوئے سکور کو آگے بڑھانے کا سلسلہ شروع کیا، نیوزی لینڈ کی تیسری وکٹ 98 رنز پر گری جب ہینری نکولس 19 رنز بنا کر آئوٹ ہوگئے، نئے آنے والے بلے باز ڈیرل مچل نے ولیمسن کے ساتھ مل کر سکور کو آگے بڑھانا شروع کیا اور مجموعی سکور کو 164 تک پہنچا دیا،

- Advertisement -

اس موقع پر ڈیرل مچل 41 رنز بنا کر آئوٹ ہوئے تو نئے آنے والے بیٹر ٹام بلنڈل 6 رنز بنا کر جلد ہی پویلین لوٹ گئے۔ نیوزی لینڈ کی چھٹی وکٹ 253 کے سکور پر گری جب گلین فلپس 42 رنز بنا کر آئوٹ ہوگئے،ولیمسن نے شاندار سنچری مکمل کی اوروہ 104 رنز کی اننگز کھیل کر آئوٹ ہوئے تو کچھ ہی دیر بعد کیوی ٹیم کی آٹھویں وکٹ گر گئی جب ایش سودھی بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹ گئے۔

دوسرے روز کھیل کے اختتام پر نیوزی لینڈ نے 8 وکٹوں کے نقصان پر 266 رنز بنا لئے جبکہ اسے بنگلہ دیش کی پہلی اننگز کا سکور برابر کرنے کے لئے مزید 44 رنز درکار ہیں،کیل جیمیسن 7 اور کپتان ٹم سائوتھی ایک رن کے ساتھ وکٹ پر موجود ہیں۔ بنگلہ دیشی بائولر تیج الاسلام نے 4 اہم وکٹیں حاصل کیں جبکہ شریف الاسلام، مہدی حسن، نعیم حسن اور مومن الحق نے ایک ایک کھلاڑی کو آئوٹ کیا۔

 

Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=415109

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں