پہلی حج پرواز پیر کو روانہ ہوگی، وزارت مذہبی امور

153
Ministry of Religious Affairs
Ministry of Religious Affairs

اسلام آباد۔5جون (اے پی پی):وزارت مذہبی امور اور بین المذاہب ہم آہنگی کے ترجمان نے کہا ہے کہ پہلی حج پرواز پیر کو وفاقی دارالحکومت سے شیڈول کے مطابق روانہ ہوگی۔ اے پی پی سے گفتگو کرتے ہوئے وزارت مذہبی امور کے ترجمان محمد عمر بٹ نے کہا کہ ملک کے مختلف ہوائی اڈوں سے 106 پروازوں کے ذریعے32 ہزار سے زائد عازمین حج روانہ ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ روڈ ٹو مکہ پراجیکٹ کے تحت اسلام آباد سے 42 پروازیں روانہ ہوں گی، پروازوں کا شیڈول وزارت کی ویب سائٹ پر آویزاں کر دیا گیا ہے اور عازمین حج کو ان کے متعلقہ نمبروں پر ٹیکسٹ کر دیا گیاہے۔ انہوں نے عازمین حج سے کہا کہ وہ شیڈول میں بتائے گئے قریب ترین اعتماد مراکز سے بائیو میٹرک کروائیں اور لازمی ویکسین، شناختی لاکیٹس، پاسپورٹ، حج ویزہ، ہوائی ٹکٹ اور کلائی کی پٹی کی وصولی کے لیے متعلقہ حاجی کیمپوں سے رابطہ کریں۔

عمر بٹ نے کہا کہ سعودی حکومت کی طرف سے منظور شدہ چھ لیبارٹریوں سے روانگی سے72 گھنٹے قبل کوویڈ۔19کا پی سی آر ٹیسٹ کروانا بھی لازمی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ عازمین حج کی سہولت کے لیے ملک بھر کے حاجی کیمپوں میں منظور شدہ لیبارٹریز بوتھ بنائے گئے ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ سعودی عرب جانے سے پہلے منفی کوویڈ۔19کا پی سی آر ٹیسٹ سرٹیفکیٹ کا حامل ہونا لازمی ہے اور ٹیسٹ کی فیس 4,250 روپے عازمین حج اپنی جیب سے ادا کریں گے۔