پیرس ٹرین سٹیشن کی پٹریوں پردوسری جنگ عظیم کا بم برآمد،ٹریفک روک دی گئی

96

پیرس۔7مارچ (اے پی پی):پیرس گارے ڈو نورڈ ٹرین سٹیشن کی پٹریوں پر دوسری جنگ عظیم کے دوران داغا گیا نہ پھٹ سکنے والا بم برآمد ہونے کے باعث ٹریفک کی آمد و رفت روک دی گئی ۔ فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق حکام نے بتایا کہ پیرس کے شمال میں واقع مصروف ترین ٹرمینل گیر ڈو نورڈ ٹرین سٹیشن کی طرف جانے والی پٹریوں پر دوسری جنگ عظیم کا بم ملنے کے بعد جمعہ کو پیرس گارے ڈو نورڈ ٹرین سٹیشن پر ٹریفک روک دی گئی ہے۔

ریلوے کمپنی نیشنل ایس این سی ایف نے کہا کہ نہ پھٹ سکنے والا بم سینٹ ڈینس کے مضافاتی علاقے میں دیکھ بھال کے کام کے دوران رات کو پٹریوں کے درمیان سے برآمد ہوا۔ مضافاتی ٹرین آر ای آر بی نے ایکس پر ایک پوسٹ میں کہا کہ بم دوسری جنگ عظیم کا ہے۔

ٹرین سٹیشن کی تمام ٹریفک، جو یوروسٹار ٹرینوں کے ساتھ ساتھ تیز رفتار اور مقامی خدمات کی میزبانی کرتی ہے، کو بند کر دیا گیا جبکہ پولیس بم کو ناکارہ بنانے میں مصروف ہے۔ گیر ڈو نورڈ ٹرین سٹیشن پیرس کے شمال میں واقع ہے اور یہ ملک کا مصروف ترین ریل ٹرمینل ہے،ایس این سی ایف کے مطابق روزانہ اندازے کے مطابق 7 لاکھ افراد کی خدمت کرتا ہے۔