34.2 C
Islamabad
جمعہ, جون 13, 2025
ہومقومی خبریںپیمرا، پی ٹی وی اور ریڈیو پاکستان نے مالی سال 2024-25ء کے...

پیمرا، پی ٹی وی اور ریڈیو پاکستان نے مالی سال 2024-25ء کے دوران میڈیا کے شعبے میں نمایاں ترقی اور اصلاحات کیں، اقتصادی سروے

- Advertisement -

اسلام آباد۔9جون (اے پی پی):وزارت اطلاعات و نشریات کے ماتحت اداروں پاکستان الیکٹرانک میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی (پیمرا)، پاکستان ٹیلی ویژن کارپوریشن (پی ٹی وی) اور پاکستان براڈ کاسٹنگ کارپوریشن (ریڈیو پاکستان) نے جاری مالی سال 25۔202ء کے دوران میڈیا کے شعبے میں نمایاں ترقی اور اصلاحات کی ہیں۔ اقتصادی سروے 2024-25ء کے مطابق پیمرا نے نجی الیکٹرانک میڈیا کی ریگولیشن، ترقی اور فروغ میں اہم کردار ادا کیا ہے۔

31 مارچ 2025ء تک پاکستان میں 139 سیٹلائٹ ٹی وی چینلز کو لائسنس جاری کئے جا چکے ہیں جبکہ مزید ایک نیا چینل شامل ہوا ہے۔ ایف ایم ریڈیو لائسنز کی تعداد 242 تک پہنچ گئی ہے جن میں سے 171 کمرشل اور 71 غیر تجارتی ہیں۔ اسی طرح 31 مارچ 2025ء تک 3650 کیبل ٹی وی لائسنس جاری کئے جا چکے ہیں جن میں 40 نئے کیبل ٹی وی لائسنس بھی شامل ہیں۔ پیمرا نے 31 مارچ 2025ء تک مجموعی طور پر 3 موبائل ٹی وی کے لائسنس، 34 لینڈنگ رائٹس پرمیشن، 36 آئی پی ٹی وی کے لائسنس، ایک ڈی ٹی ایچ اور ایک ٹیلی پورٹ (براڈ کاسٹ) لائسنس جاری کئے۔ میڈیا کی آزادی اور تنوع کو فروغ دینے میں پیمرا نے فعال کردار ادا کیا ہے۔

- Advertisement -

اقتصادی سروے 2024-25ء کے مطابق پاکستان ٹیلی ویژن کارپوریشن نے قومی و بین الاقوامی امور پر عوام کو باخبر رکھنے میں کلیدی کردار ادا کیا۔ پی ٹی وی کے موجودہ سات چینلز پی ٹی وی ہوم، پی ٹی وی نیوز، پی ٹے وی سپورٹس، پی ٹی وی گلوبل، پی ٹی وی نیشنل، پی ٹی وی بولان اور پی ٹی وی ورلڈ ملکی و بین الاقوامی سطح پر نشریات فراہم کر رہے ہیں۔ پی ٹی وی ورلڈ پاکستان میں انگریزی زبان میں نشریات پیش کرنے والا واحد نیوز چینل ہے۔ پی ٹی وی کا دائرہ کار ملک کی 100 فیصد آبادی کو کور کرتا ہے۔

پاکستان میں رجسٹرڈ ٹی وی سیٹ ہولڈرز کی تعداد 31 مارچ 2025ء تک 26054120 ہے۔ مالی سال 25۔2024ء میں پی ٹی وی کے دو منصوبوں کے لئے حکومت نے مجموعی طور پر 1130.52 ملین روپے مختص کئے جن میں ”نیشنل فلم پروڈکشن انسٹیٹیوٹ“ کے قیام اور ”ری ویمپنگ آف پی ٹی وی سی“ شامل ہیں۔ اقتصادی سروے 2024-25ء کے مطابق ریڈیو پاکستان نے قومی یکجہتی، مذہبی ہم آہنگی اور بین الاقوامی سطح پر پاکستان کے موقف کو اجاگر کرنے کے لئے مختلف پروگرامز نشر کئے۔ رمضان المبارک میں خصوصی دینی پروگرامز اور یوم استحصال کشمیر کے موقع پر سات روزہ نشریاتی مہم بھی چلائی گئی۔

مالی سال 25۔2024ء کے دوران پاکستان براڈ کاسٹنگ کارپوریشن کو مجموعی طور پر 6413 ملین روپے جاری کئے گئے جن میں 500 ملین روپے کے اضافی فنڈز بھی شامل ہیں۔ اس عرصے میں پی بی سی کے تحت پانچ ترقیاتی منصوبے بھی جاری رہے جن میں 529 ملین روپے کی لاگت سے صوت القرآن ایف ایم نیٹ ورک فیز تھری کا قیام، 1540 ملین روپے کی لاگت سے خضدار میں 300 کلو واٹ ٹرانسمیٹر کی تبدیلی اور اپ گریڈیشن کی منطوری،

کوئٹہ میں 1068.982 ملین روپے کی لاگت سے 100 کلو واٹ ٹرانسمیٹر کی تبدیلی اور اپ گریڈیشن، خیرپور میں 878.173 ملین روپے کی لاگت سے میڈیم ویو سروسز کی بحالی، 3850ملین روپے کی لاگت سے روات ٹرانسمیٹنگ سٹیشن کی اپ گریڈیشن، ٹرانسمیٹرز کی بہتری اور جدت شامل ہے۔ اقتصادی سروے میں کہا گیا ہے کہ حکومت پاکستان الیکٹرانک میڈیا کے شعبے میں جدیدیت، آزادی اظہار اور علاقائی و بین الاقوامی سطح پر پاکستان کے موقف کو موثر انداز میں پیش کرنے کے لئے پرعزم ہے۔

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں