اسلام آباد۔8اپریل (اے پی پی):پی آئی اے کے بورڈ آف ڈائریکٹرز نے پی آئی اے کے سال 2024 کے سالانہ نتائج کی منظوری دیدی۔ پی آئی اے نے 21 سال کی طویل مدت کے بعد خالص منافع حاصل کرلیا۔منگل کو پی آئی اے کی جانب سے جاری بیان کے مطابق سال 2024 کے نتائج کے مطابق پی آئی اے نے 9.3 ارب روپے آپریشنل منافع جبکہ 26.2 ارب روپے خالص یا نیٹ منافع کمایا۔پی آئی اے کا آپریٹنگ مارجن 12 فیصد سے زیادہ رہا جو دنیا کی کسی بھی بہترین ایئر لائن کی پرفارمنس کے ہم پلہ ہے۔
پی آئی اے نے آخری منافع سال 2003 میں حاصل کیا تھا جس کے بعد دو دہائیوں تک پی آئی اے خسارے سے دوچار رہی۔حکومت پاکستان کی سرپرستی سے پی آئی اے میں جامع اصلاحات کئے گئے،اصلاحات کے دوران پی آئی اے کی افرادی قوت اور اخراجات میں واضح کمی، منافع بخش روٹس میں استحکام، نقصان دہ روٹس کا خاتمہ اور بیلنس شیٹ ریسٹرکچرنگ کی گئی۔پی آئی اے کے واپس منافع بخش ادارہ بننے سے ناصرف اس کی ساکھ میں اضافہ ہوگا بلکہ یہ ملکی معیشت کیلئے بھی مفید ثابت ہوگا۔ وفاقی وزیر دفاع و ہوا بازی خواجہ آصف کی جانب سے اس امر کا باضابطہ اعلان کیا۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=579745