کراچی ۔23فروری (اے پی پی):پاکستان کرکٹ بورڈ(پی سی بی) نے ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ( پی ایس ایل) سیزن 6 میں اسٹیڈیم آنے والے تماشائیوں کے لئے ایڈوائزری جاری کردی ہے۔ منگل کو جاری کردہ ایڈوائزی کے مطابق نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ 6 کے جاری پہلے مرحلے میں شناختی کارڈ کے بغیراسٹیڈیم میں داخلے کی اجازت نہیں ہے۔ پاکستان کرکٹ بورڈ ایک بار پھر واضح کرنا چاہتا ہے کہ شناختی کارڈ کے بغیر اسٹیڈیم میں داخلے کی اجازت نہیں ہے لہذا تمام کرکٹ فینز بشمول فیملیزسے درخواست کی جاتی ہے کہ وہ اسٹیڈیم میں داخلے کے وقت اپنے شناختی کارڈ اپنے ہمراہ لائیں۔ قذافی اسٹیڈیم لاہور میں پی ایس ایل سیزن 6 کے دوسرے مرحلے کے دوران بھی تمام تماشائیوں کواپنا شناختی کارڈ ہمراہ لانا لازمی ہوگا۔