پی ایس ایل8:ملتان سلطانز نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد کراچی کنگز کو شکست دیدی

121
HBL PSL
HBL PSL

ملتان ۔ 22 فروری (اے پی پی):پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے 11 ویں میچ میں ملتان سلطانز نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد کراچی کنگز کو شکست دیدی،ملتان سلطانز کے 197 رنز کے تعاقب میں کراچی کنگز کی ٹیم مقررہ 20 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 193 رنز بناسکی اور یوں وہ 3 اسکور سے ہار گئی۔

بدھ کے روز ملتان کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں کراچی کنگز نے ملتان سلطانزکے خلاف ٹاس جیت کر پہلے بولنگ کا فیصلہ کیا۔ ملتان سلطانز نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ اوورز میں دو وکٹوں کے نقصان پر 196 رنز بنائے اور کراچی کنگز کو 197 سکور کا ہدف دیا۔ملتان سلطانز کے کپتان محمد رضوان نے شاندار سنچری اسکور کی،رضوان 64 گیندوں پر 4 چھکوں اور 10 چوکوں کی مدد سے 110 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے،شان مسعود نے 51 ،ریلی روسو نے 29 اور پولارڈ نے دو رنز بنائے۔

کراچی کنگز کی جانب سے محمد عمر اور شعیب ملک نے ایک ایک وکٹ لی۔197 رنز کے ہدف کے تعاقب میں کراچی کنگز کی اننگز کا آغاز اچھا ہوا، پہلی وکٹ پر 72 رنز کی شراکت قائم ہوئی اور میتھیو ویڈ 20 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، جیمز ونس 75 رنز بناکر رن آؤٹ ہوئے،حیدر علی 12 رنز اور شعیب ملک 13 سکور بنا کر کیچ آؤٹ ہوئے۔کپتان عماد وسیم اور بین کٹنگ نے سلطانز کے بولر کے سامنے مزاحمت کی لیکن بین کٹنگ بھی 12 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔کراچی کنگز کو آخری اوور میں 22رنز درکار تھے لیکن کراچی کی ٹیم مقررہ اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 193 رنز بنا سکی اور یوں اسے 3 رنز سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔

عماد وسیم 46 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔ملتان کی جانب سے عباس آفریدی نے 2،اسامہ میر اور خوشدل شاہ نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔خیال رہے کہ ملتان سلطانز پی ایس ایل کے رواں سیزن میں پوائنٹس ٹیبل پر ٹاپ ٹیم ہے،اس نے 5 میچز کھیلے ہیں،چار میچ جیتے ہیں اور صرف ایک میں شکست ہوئی ہے۔کراچی کنگز بھی 5 میچز کھیل چکی جن میں سے اسے 4 میں شکست ہوئی اور ایک میچ جیت سکی ہے۔