کراچی ۔ 8 مئی (اے پی پی) پاکستان اسٹاک مارکیٹ نے ایک اورتاریخی سنگ میل عبور کر لیا ، کے ایس ای100انڈیکس1ہزارسے زائد پوائنٹس کے اضافے سے تاریخ میں پہلی مرتبہ 50900 پوائنٹس کی ریکارڈ ترین سطح پر بند ہوا۔ تیزی کے سبب مارکیٹ کے سرمائے میں1کھرب سے زائد روپے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا جس سے سرمائے کا مجموعی حجم 98 کھرب سے بڑھ کر مارکیٹ کی تاریخ میںپہلی مرتبہ 100 کھرب روپے پر جا پہنچا۔ پیر کو کاروباری ہفتے کے پہلے روز پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں زبردست تیزی دیکھی گئی اور ٹریڈنگ کے دوران یہ 50 ہزار 900 پوائنٹس کی سطح عبور کرنے میں کامیاب ہوگیا، اس سے قبل جنوری 2017ءمیں حصص بازار 50 ہزار پوائنٹس کی سطح عبور کرنے میں کامیاب ہوا تھا۔ اسٹاک ماہرین کے مطابق اس کے علاوہ عالمی ریٹنگ ایجنسی موڈیز کی جانب سے کرِیڈٹ ریٹنگ بی 3 مستحکم رکھنے اور رواں ماہ حصص بازار کی ایم ایس سی آئی انڈیکس میں شمولیت سرمایہ کاروں کے اعتماد میں تیزی سے بحالی کی وجہ بن رہی ہے۔