پی ایس ایکس نے 50 ہزار پوائنٹس کا سنگ میل عبور کرلیا

119

کراچی ۔ 26 جنوری (اے پی پی) پاکستان اسٹاک مارکیٹ (پی ایس ایکس) نے 50 ہزار پوائنٹس کا سنگ میل عبور کر لیا، حصص کی خرید و فروخت میں مجموعی طور پر تیزی کا سلسلہ جاری رہا، کے ایس ای 100 انڈیکس 435.59 پوائنٹس کے اضافے سے تاریخ کی نئی بلند ترین سطح 50192.36 پوائنٹس پر بند ہوا جبکہ 100 کھرب روپے سے زائد کا ریکارڈ کاروبار کیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں کاروباری ہفتے کے چوتھے روز جمعرات کو زبردست تیزی کا رجحان رہا، کے ایس ای 100 انڈیکس 49800، 49900، 50000 اور 50100 پوائنٹس کی چار بالائی نفسیاتی حدیں عبور کرتا ہوا 435.59 پوائنٹس کے اضافے سے تاریخ کی نئی بلند ترین سطح 50192.36 پوائنٹس پر بند ہوا، تجارتی حجم میں 51 ارب 97 کروڑ 93 لاکھ 9 ہزار 530 روپے کی تیزی ریکارڈ کی گئی تاہم مارکیٹ سرمایہ میں 3 ارب 86 کروڑ 99 لاکھ 91 ہزار 401 روپے کی کمی رونماءہوئی جبکہ خرید و فروخت میں بھی 97 لاکھ 29 ہزار 60 حصص کی مندی رہی۔