اسلام آباد ۔ 10 اکتوبر (اے پی پی) وزارت منصوبہ بندی، ترقی و اصلاحات نے سرکاری شعبہ کے ترقیاتی پروگراموں میں ریلویز ڈویژن کے ترقیاتی منصوبوں کے لئے مجموعی طور پر اب تک 2 ارب 70 کروڑ روپے کے فنڈز جاری کر دیئے ہیں، حکومت نے اس ڈویژن کے ترقیاتی کاموں کے لئے رواں مالی سال کے دوران 16 ارب روپے سے زائد کے فنڈز مختص کئے ہیں۔ پلاننگ کمیشن کی طرف سے جاری اعداد وشمارکے مطابق حکومت نے گوادر پورٹ میں ریلوے کوریڈور کے لئے 64 کروڑ 30 لاکھ، ایم ایل ون کی اپ گریڈیشن اور ڈرائی پورٹ کی تعمیر کے لئے 45 کروڑ، ڈیزل الیکٹرک لوکوموٹوز کے لئے 38 کروڑ 40 لاکھ، 2010ء کے سیلاب سے متاثرہ املاک کی بحالی کے لئے 46 کروڑ 59 لاکھ، 300 ٹریکشن موٹرز کی ری مینوفیکچرنگ اور بحالی کے لئے 30 کروڑ 34 لاکھ، ڈرائی پورٹس پر سہولیات کی فراہمی کے لئے 11 کروڑ 43 لاکھ روپے سے زائد کے فنڈز جاری کردیئے گئے ہیں۔