پی سی بی لیول 2 کوچنگ کورس سے سیکھنے کا موقع ملا، ایسے کورسز مستقبل میں بھی ہونے چاہیں، احمد شہزاد، سعید اجمل

124

لاہور۔29 مئی(اے پی پی )پاکستان کرکٹ بورڈ کے زیر اہتمام ہونے والے 4 روزہ لیول 2 کوچنگ کورس کے شرکاءکرکٹرز نے کہا ہے کہ کورس سے انہیں سیکھنے کا موقع ملا ہے اور ان کی کوشش ہوگی کہ جو کچھ سیکھا اس کو دوسروں کو بھی سیکھائیں، پی سی بی کے لیول 2 کوچنگ کورس میں احمد شہزاد، سلمان بٹ، سابق کپتان مصباح الحق، سعید اجمل، باسط علی، عمر گل، عبدالرحمان، اعزاز چیمہ، ہمایوں فرحت، بلال آصف، احسان عادل، قیصر عباس، عمید آصف، ذوالفقار بابر اور عدنان اکمل نے شرکت کی۔ سابق کپتان مصباح الحق اور دیگر کرکٹرز کا کہنا تھا کہ اس طرح کے کورسز سے کرکٹرز کو سیکھنے کا موقع ملتا ہے اور ایسے کورسز مستقبل میں بھی ہونے چاہئے ۔ انہوں نے کہاکہ اس طرح کے کورسز سے ہمیں دوسروں کو سکھانے کےلئے بہت سی نئی باتوں کا علم ہواہے، کھیلنا اور کوچنگ دونوں الگ الگ چیزیں ہیں۔ انسان خود تو سمجھ سکتا ہے کہ کیا غلط ہورہا ہے لیکن سب سے اہم ٹاسک یہ ہوتا ہے کہ دوسروں کو اس چیز کو کیسے سمجھایا جائے۔ میری کوشش ہوگی کہ کورس کے دوران جو کچھ سیکھا اسے دوسروں کو منتقل کروں ۔ سلمان بٹ نے کہا کہ کوچنگ کورس سے بہت سی نئی باتوں کا پتہ چل، اب ہمیں علم ہوا ہے کہ کوچز کرکٹرز کو سیکھانے کےلئے کتنی محنت کرتے ہیں۔ کوچنگ آسان شعبہ نہیں ہے اس میں آنے کےلئے بہت محنت کی ضرورت ہے، سعید اجمل کا کہنا تھا کہ کوچنگ کورس کے دوران بہت سے نئی باتیں جن کا علم نہیں تھا کا جاننے کا موقع ملا۔ باسط علی نے کہاکہ کوئی بھی انسان مکمل نہیں ہوتا اور سیکھنے کا عمل ساری زندگی چلتا رہتا ہے، کوچنگ کورس سے کافی کچھ سیکھنے کا موقع ملا۔ احمد شہزاد نے بھی کوچنگ کورس کو کرکٹرز کےلئے مفید قرار دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں ایسے کورسز زیادہ سے زیادہ ہونے چاہئے ۔ عدنان اکمل کا کہنا تھا کہ کوچنگ کورس کے دوران انہیں بہت سیکھنے کا موقع اور اپنی مشکلات پر قابو پانے کےلئے راہنمائی ملی۔ عمر گل نے کہا کوچنگ کورس سے بہت فائدہ ہوا ہے اور میں سمجھتا ہوں کہ اس کورس میں شرکت سے ہم دوسرے کرکٹرز کو بہتر طور پرگائیڈ کرسکتے ہیں کہ ان کے کھیل میں بہتری کیسے آسکتی ہے ۔