پی سی بی مینجمنٹ کمیٹی نے عبوری سلیکشن کمیٹی کا تقرر کر دیا، شاہد آفریدی چیئرمین مقرر

239
روحیل نذیر ڈارون سیریز میں پاکستان شاہینز کی قیادت کریں گے،ترجمان

کراچی۔24دسمبر (اے پی پی):پی سی بی مینجمنٹ کمیٹی نے سابق پاکستانی کپتان شاہد آفریدی کو نیوزی لینڈ کے خلاف ہوم سیریز کے لیے مینز نیشنل سلیکشن کمیٹی کا عبوری سربراہ مقرر کر دیا ہے۔پینل کے دیگر ارکان میں عبدالرزاق اور را افتخار انجم شامل ہیں جبکہ ہارون رشید (ممبر مینجمنٹ کمیٹی)کنوینر ہوں گے۔پی سی بی مینجمنٹ کمیٹی کے چیئر مین نجم سیٹھی نے کہا ہے کہ میں مردوں کی عبوری قومی سلیکشن کمیٹی کا خیرمقدم کرتا ہوں اور اس میں کوئی شک نہیں کہ محدود وقت کے باوجود وہ جرات مندانہ فیصلے کریں گے جس سے ہمیں نیوزی لینڈ. کے خلاف سیریز میں ایک مضبوط ٹیم بنانے میں مدد ملے گی۔

انہوںنے کہا کہ شاہد آفریدی ایک جارحانہ کرکٹر رہے ہیں جنہوں نے اپنی تمام کرکٹ بغیر کسی خوف کے کھیلی۔ ان کے پاس کرکٹ کا تقریبا 20 سال کا تجربہ ہے، وہ تمام فارمیٹس میں کامیابی کے ساتھ نمایاں رہے اور اس سے بھی اہم بات یہ ہے کہ انہوں نے ہمیشہ نوجوان ٹیلنٹ کی حمایت کی ہے۔ لہذا ہماری اجتماعی رائے میںجدید دور کے کھیل کی سختیوں، تقاضوں اور چیلنجز کو سمجھنے کے لیے ان سے بہتر کوئی نہیں ہے۔

نجم سیٹھی نے اس یقین کا بھی اظہار کیا کہ کھیل کے بارے میں اپنی بصیرت اور علم کے ذریعے، وہ پاکستان کو بہترین اور سب سے زیادہ مستحق کھلاڑیوں کو منتخب کرنے میں مدد کریں گا اور آنے والی سیریز میں ٹیم کی کامیابی میں اپنا کردار ادا کریں گے۔ شاہد آفریدی نے کہا کہ میں پی سی بی مینجمنٹ کمیٹی کی جانب سے یہ ذمہ داری سونپی جانے پر فخر محسوس کرتا ہوں اور اس ذمہ داری کو اپنی بہترین صلاحیتوں کے ساتھ نبھانے میں کوئی کسر نہیں چھوڑوں گا۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں جیتنے کے طریقوں پر واپس جانے کی ضرورت ہے اور مجھے اس میں کوئی شک نہیں ہے کہ اسٹریٹجک سلیکشن فیصلوں کے ذریعے ہم نیوزی لینڈ کے خلاف سیریز میں قومی ٹیم کو مضبوط کارکردگی کا مظاہرہ کرنے اور اپنے مداحوں کا اعتماد بحال کرنے میں مدد کریں گے۔

شاہد آفریدی نے کہا کہ جلد ہی سلیکٹرز کی میٹنگ بلائوں گا اور آنے والے میچوں کے حوالے سے اپنے پلان بتائوں گا۔شاہد آفریدی نے 1996سے 2018تک 27ٹیسٹ، 398ون ڈے اور 99ٹی ٹوئنٹی کھیلے جس میں انہوں نے مجموعی طور پر 11,196رنز بنائے اور 541وکٹیں حاصل کیں۔ انہوں نے 83بین الاقوامی میچوں میں قومی ٹیم کی کپتانی بھی کی۔ وہ لارڈز میں آئی سی سی مینز ٹی 20ورلڈ کپ 2009جیتنے والی پاکستانی ٹیم کے رکن تھے۔عبدالرزاق نے 1996سے 2013تک کے 17سالہ کیریئر میں 343انٹرنیشنل میچ کھیلے اور 7419رنز بنائے اور 389 وکٹیں حاصل کیں۔ وہ اس ٹیم کے بھی رکن تھے جس نے 2009میں لارڈز میں ٹی 20ورلڈ کپ جیتا تھا۔رائو افتخار نے 2004 سے 2010 تک ایک ٹیسٹ، 62 ون ڈے اور دو ٹی ٹوئنٹی کھیلے ہیں۔