پی سی بی نے پاک نیوزی لینڈ ٹی ٹوئنٹی سیریز کیلئے میچ آفیشلز کے ناموں کا اعلان کردیا

Pakistan Cricket Board
Pakistan Cricket Board

لاہور۔13اپریل (اے پی پی):پاکستان کرکٹ بورڈ نے پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان پانچ ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچوں کی سیریز کے لیے میچ آفیشلز کے ناموں کا اعلان کردیاہے ،یہ سیریز 18 سے 27 اپریل تک راولپنڈی اور لاہور میں کھیلی جائے گی۔ترجمان کے مطابق احسن رضا اور علیم ڈار سمیت پانچ امپائرز سیریز کے میچز سپر وائز کریں گے جن میں آصف یعقوب، راشد ریاض اور فیصل آفریدی بھی شامل ہیں۔

زمبابوے کے اینڈی پائی کرافٹ آئی سی سی کے میچ ریفری کی حیثیت سے اپنے فرائض انجام دیں گے،67 سالہ پائی کرافٹ 144 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچز میں ریفری کی ذمہ داریاں نبھاچکے ہیںاور پانچوں میچز میں ذمہ داری نبھاکر وہ سب سے زیادہ ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچوں میں میچ ریفریرز کی فہرست میں دوسرے نمبر پر آجائیں گے۔ترجمان کے مطابق اس وقت نیوزی لینڈ کے جیف کرو 175 اور سری لنکا کے رنجن مدوگالے 145 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچوں میں میچ ریفری کے فرائض انجام دے چکے ہیں،49 سالہ احسن رضا اس وقت آئی سی سی امپائرز کے ایلیٹ پینل میں شامل اور انہیں ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل کی تاریخ میں سب سے زیادہ 74 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچوں میں فیلڈ امپائرنگ کا اعزاز حاصل ہے۔

اسی طرح55 سالہ علیم ڈار جو آئی سی سی ایلیٹ پینل کا حصہ رہ چکے اور اب تک 70 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچوں میں فیلڈ امپائرنگ کا تجربہ رکھتے ہیں، علیم ڈار کے علاوہ فیصل آفریدی، آصف یعقوب اور راشد ریاض بھی آئی سی سی انٹرنیشنل پینل میں شامل ہیں۔

ترجمان کے مطابق 18 اپریل کوپہلا ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچ پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم راولپنڈی میں ہوگا جس میں احسن رضا اور علیم ڈار ( آن فیلڈ امپائرز)، فیصل آفریدی (ٹی وی امپائر)، راشد ریاض ( ریزرو امپائر)، اینڈی پائی کرافٹ ( میچ ریفری)ہونگے۔20 اپریل کو دوسرا ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل، پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم راولپنڈی میں ہوگا جس میں آصف یعقوب اور علیم ڈار ( آن فیلڈ امپائرز )، احسن رضا( ٹی وی امپائر)، فیصل آفریدی ( ریزرو امپائر )، اینڈی پائی کرافٹ ( میچ ریفری ) ہونگے۔21 اپریل کوتیسرا ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل، پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم راولپنڈی میں ہوگا جس میں احسن رضا اور آصف یعقوب ( آن فیلڈ امپائرز )، راشد ریاض ( ٹی وی امپائر)، علیم ڈار ( ریزرو امپائر)، اینڈی پائی کرافٹ ( میچ ریفری) ہونگے۔25 اپریل کو چوتھا ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل، قذافی اسٹیڈیم لاہور میں ہوگا جس میں فیصل آفریدی اور راشد ریاض ( آن فیلڈ امپائرز)، آصف یعقوب ( ٹی وی امپائر )، احسن رضا ( ریزرو امپائر)، اینڈی پائی کرافٹ ( میچ ریفری ) ہونگے۔27 اپریل کو پانچواں ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل، قذافی اسٹیڈیم لاہور میں ہوگا جس میں راشد ریاض اور فیصل آفریدی( آن فیلڈ امپائرز )، علیم ڈار ( ٹی وی امپائر)، آصف یعقوب ( ریزرو امپائر )، اینڈی پائی کرافٹ ( میچ ریفری )ہونگے ۔