اسلام آباد۔21ستمبر (اے پی پی):وزیر مملکت برائے اطلاعات و نشریات فرخ حبیب نے کہا ہے کہ انتخابات میں دھاندلی کی لعنت کے خاتمے کیلئے الیکٹرانک ووٹنگ مشین (ای وی ایم) ٹیکنالوجی کا استعمال مستقل حل ہے اور اس سے انتخابات کی کھوئی ہوئی ساکھ دوبارہ بحال ہو گی، ہمارے ملک میں انتخابات کی ضروریات کے مطابق روزانہ کی بنیاد پر 2 ہزار سے زائد ای وی ایم مشینیں تیار کرنے کی گنجائش موجود ہے، جو لوگ ای وی ایم کی مخالفت کر رہے ہیں انہیں چاہیے کہ انتخابات میں فراڈ کو روکنے کیلئے کوئی نئی تجاویز دیں۔
منگل کو نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی زیر قیادت حکومت ای وی ایم کے ایشو پر بارہا اپوزیشن کو بات چیت کی دعوت دے چکی ہے لیکن انہوں نے کبھی اس معاملے کو سنجیدہ لیا ہی نہیں اور ناجائز اعتراضات اٹھائے ہیں۔ فرخ حبیب نے کہا کہ پی ٹی آئی کی سیاست کی بنیاد صرف احتساب اور شفافیت ہے، اسی سلسلے میں موجودہ حکومت مستقبل میں انتخابات میں شفافیت کو یقینی بنانے کیلئے تمام تر ضروری اقدامات اٹھا رہی ہے،
ای وی ایم کی مخالفت کرنے والے ملک میں صاف و شفاف انتخابات کے خلاف ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن قومی یا بین الاقوامی ماہرین کو بلا کر ای وی ایم سے متعلق اپنے تحفظات دور کرے ہمیں کوئی اعتراض نہیں ہے، الیکشن کمیشن ای وی ایم کے خلاف مزاحمت کرنے کی بجائے انتخابی پولنگ کے حق میں کام کرے۔