دادو ۔ 9 اگست (اے پی پی) پی ٹی آئی کے مرکزی رہنما و پارلیمانی لیڈر حلیم عادل شیخ ضلع دادو کے علاقہ جوہی پہنچے اور نئین گاج کے پانی سے متاثرہ خاندانوں سے ملاقات کی انہیں ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا اور سیلابی صورتحال و امدادی کاموں کا جائزہ لیا۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان سے آنے والا پانی نئین گاج سے منچھر جھیل جاتا ہے۔ سندھ کے نااہل حکمرانوں نے پتہ بھی نہیں لگایا کہ اس بار پانی زیادہ آئیگا اور ایسی سیلابی صورتحال ہوگی۔پانی زیادہ ہونے کی وجہ سیلاب آگیا ہے دو سو سے زائد گائوں زیر آب ہیں۔بڑی تعداد میں مویشی بھی پانی میں ڈوب گئے ہیںعلاقہ مکینوں کی ہر ممکن مدد کی جائے گی۔ سندھ کے ادارے پی ایم ڈی اے سمیت دیگر اداروں کو پہلے پہنچنا چاہئے تھا۔ زیر آب دو سو سے زائد گائوں میں مزید نقصانات کا خدشہ ہے۔ حلیم عادل شیخ انہوں نے کہا کہ یہ وزیر اعلیٰ سندھ کا حلقہ ہے لیکن کوئی پرسان حال نہیں ہے یہاںگزشتہ روز علاقہ مکین درختوں پر چڑھ ہوئے مدد مانگ رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ امداد کے لئے افواج پاکستان کی ٹیمیں پہنچی ہوئی ہیں اور فوج کے جوان علاقہ مکینوں کی مدد کر کے انہیں محفوظ مقامات پر پہنچا رہے ہیں، کھانے پینے کا سامان بھی فراہم کیا جارہا ہے ۔