لاہور۔15مارچ (اے پی پی):پاکستان پیپلز پارٹی اور پاکستان مسلم لیگ (ن)کی رابطہ کمیٹیوں کے درمیان ہفتہ کے روز گورنر ہائوس لاہور میں ہونے والے اجلاس میں وزیر اعلی پنجاب مریم نواز کے صوبے میں عوام کی فلاح وبہبود کے منصوبوں اور ترقیاتی کاموں کا جائزہ لیا گیا ۔
پیپلز پارٹی کی نمائندگی سابق وزیر اعظم راجہ پرویز اشرف، گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان، ندیم افضل چن، علی حیدر گیلانی اور سید حسن مرتضی نے کی۔ پاکستان مسلم لیگ (ن) کے وفد کی قیادت نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار نے کی ۔
وزیراعظم کے مشیر رانا ثنا اللہ خاں، خواجہ سعد رفیق، وفاقی وزیر قانون سینیٹر اعظم نذیر تارڑ، پنجاب کی سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب اور سپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان اجلاس میں شریک تھے۔ چیف سیکرٹری پنجاب زاہد اختر زمان اور آئی جی پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور بھی اجلاس میں موجود تھے۔بعد ازاں سپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان اور گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر نے مشترکہ طور پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پیپلزپارٹی اور ن لیگ کا اتحاد ملک کو مسائل و مشکلات سے نکالنے کیلئے ہے۔
ملک محمد احمد خان نے کہا کہ آج کی ملاقات میں تحفظات سے بالاتر ہوکر پاکستان کے نظام کے حوالے سے تفصیلی بات چیت ہوئی۔ہمارا مسئلہ ملک کو آگے لے کر چلنا ہے تاکہ عوام مطمئن ہو سکے۔ انہوں نے کہاکہ پیپلزپارٹی اور مسلم لیگ ن کو وفاق کی سیاست کرنی چاہئے،پیپلزپارٹی پنجاب میں آئے اور ن لیگ سندھ بلوچستان اور کے پی میں جائے۔
گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر نے کہا کہ صوبائی حکومت کی کارکردگی سے مطمئن ہونا میرا کام نہیں یہ فیصلہ عوام کا ہوگا۔کس نے یہ بات پھیلائی کہ پیپلزپارٹی اپنا ڈپٹی کمشنر یا انتظامی افسران لگانا چاہتی ہے،پیپلزپارٹی کا تو پنجاب کی بیوروکریسی میں کوئی گروپ نہیں ہماری سیاست صرف عوام کے گرد گھومتی ہے۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=573045