اسلام آباد۔21جون (اے پی پی):پاکستان پیپلزپارٹی کے مرکزی رہنما نیئربخاری نے کہا ہے کہ پی پی پی نے جمہوری پارلیمانی نظام کے لئے قربانی دی ، ہم نے آئین دیا اور ہمیشہ اس آئین کی حفاظت کی، بی بی شہید نے آمریت کا مقابلہ کیا۔ جمعہ کوپہلی منتخب خاتون وزیراعظم شہید محترمہ بینظیر بھٹو کی سالگرہ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آج بی بی شہید کی سالگرہ منا رہے ہیں ، بینظیر شہد کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں، ان کی روشن سوچ کی بناء پر ملک میں جمہوریت ہے،صدر زرداری نے بی بی سے کیا گیا وعدہ نبھایا، آئین کو اس کی اصل شکل میں بحال کیا، 18 ویں ترمیم کے ذریعہ صوبوں کو خود مختاری دی ۔
نیئربخاری نے مزید کہا کہ صدر زرداری کی بصیرت پر آج پارلیمان قائم ہے، ہم چاہتے ہیں انتخابات ہوتے رہیں، سیاست دان مذاکرات پر یقین رکھتا ہے ، ہٹ دھرمی کرنے والا سیاستدان نہیں ہوتا، مسلم لیگ ن سے پی پی پی کے تعلقات نہیں تھے ، اس سب کے باوجود پی پی پی نے مذاکرات کئے، بانی پی ٹی آئی یوٹرن کے بادشاہ ہیں، ان پر آج بھی اعتبار نہیں ، وہ یو ٹرن لینے کو اپنی کوالٹی سمجھتے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ ملکی مسائل صرف حکومت نے نہیں حل کرنے ، اس میں اپوزیشن اور میڈیا نے حصہ ڈالنا ہے۔نیئربخاری نے کہا کہ ہم حکومت سازی کے لئے سامنے نہ آتے تو کیا حالات ہوتے، ہماری کوشش ہے آئین کے مطابق ملک کے مسائل حل ہوں۔ بے نظیر شہید کی سالگرہ کا کیک کاٹنے کی تقریب میں نائب صدر پیپلز پارٹی سینیٹر شیری رحمن، مرتضی ستی، راجہ نورالہی، عمران اشرف، وکلاء، خواتین اقلیتی ونگز کے عہدیداران اور کارکنوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔