کراچی۔ 16 اپریل (اے پی پی):قائدآباد پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے چاول کے ٹرک کو اسلحہ کے زور پرچھین کر فرار ہونے والے ملزم کو گرفتار کرکے ڈیڑھ کروڑ روپے مالیت سے زائد چاول سے بھرا ٹرک برآمدکرلیا۔بدھ کوترجمان ایس ایس پی ملیر کے مطابق گرفتار ملزم ظہیر عباس ولد عبدالرشید نے بتایا کہ ٹرک کو 65لاکھ روپے میں فروخت کرنے کیلئے دوسرے گروہ کے افراد کا انتظار کر رہا تھاکہ پولیس نے ہسپتال چورنگی کے قریب سے گرفتارکرلیا جبکہ ملزم کے دیگر ساتھی ٹرک ڈرائیور کو چھوڑ کر فرار ہوگئے۔
مسلح ملزمان نے چاول گودام موڑ کے قریب سے ٹرک کو اسلحہ کے زور پرچھینااورٹرک ڈرائیور مظمل ولد نصیب الرحمان کو بھی یرغمال بنا کر ساتھ لے گئے تھے۔ پولیس نے ٹرک نمبر TKT-938اور700سے زائد چاول کی بوریاں کو تحویل میں لے لیاہے۔ گرفتار ملزم نے ابتدائی تفتیش میں انکشاف کیا کہ واردات میں اس کے دیگر ساتھی بھی شامل ہیں جن کی تلاش جاری ہے۔ پولیس نے ملزم کے خلاف مقدمہ درج کر کے مزید تفتیش کا آغاز کر دیا ہے۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=582806